فروخت میں اضافے کے باوجود رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ہونڈا اٹلس کارز (پاکستان) لمیٹڈ (ایچ سی اے آر) کا بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) تقریبا 62 فیصد کم ہوکر صرف 257.74 ملین روپے رہا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 675.34 ملین روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں دستیاب ایچ سی اے آر کے فنانشل اسٹیٹمنٹ کے مطابق اس سہ ماہی کے دوران آٹوموبائل کمپنی کی فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 1.80 روپے رہی جبکہ گزشتہ سال فی حصص آمدنی 4.73 روپے تھی۔
منافع میں کمی کو فروخت کی لاگت میں اضافے سے منسوب کیا جاسکتا ہے۔
سہ ماہی کے دوران ایچ سی اے آر کی فروخت 16.59 ارب روپے رہی جو گزشتہ برس کے اس عرصے میں 13.96 ارب روپے تھی جو 19 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
تاہم زیادہ فروخت کے باوجود کمپنی کا مجموعی منافع رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 20 فیصد کم ہوکر 1.22 ارب روپے رہا جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں مجموعی منافع 1.53 ارب روپے رہا تھا۔ منافع میں کمی کی وجہ فروخت کی لاگت میں 24 فیصد اضافہ ہے جو مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی کے دوران 15.34 ارب روپے رہی۔
اس کے نتیجے میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ایچ سی اے آر کا مجموعی مارجن کم ہو کر 7.35 فیصد رہ گیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 10.94 فیصد تھا۔
پاکستان آٹوموٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ایچ سی اے آر نے رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران تقریبا 5 ہزار کاریں اور ایل سی ویز فروخت کیں جو سالانہ 64 فیصد زیادہ ہے۔
اس کے علاوہ آٹوموبائل کمپنی کے انتظامی اخراجات میں بھی اضافہ دیکھا گیا جو مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں 14 فیصد اضافے کے ساتھ 437.92 ملین روپے رہا جبکہ گزشتہ برس کے اس عرصے میں یہ اخراجات 382.6 ملین روپے تھے۔
دوسری جانب ایچ سی اے آر کی دیگر آمدن میں تقریبا 91 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں صرف 84.85 ملین روپے رہی جبکہ مالی سال 2024 کی پہلی سہ ماہی میں یہ 896.57 ملین روپے تھی۔
مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں آٹومیکر کی فنانس لاگت میں 61 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 193.3 ملین روپے رہی جبکہ گزشتہ برس کے اس عرصے میں یہ 120.16 ملین روپے تھی۔
اس کے نتیجے میں کمپنی نے مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں 364.5 ملین روپے کا قبل از ٹیکس منافع (پی بی ٹی) حاصل کیا جو سالانہ بنیادوں پر 76 فیصد کم ہے۔
1992 میں ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر پاکستان میں قائم ایچ سی اے آر نے 1994 میں اپنے کمرشل آپریشنز کا آغاز کیا۔ یہ کمپنی ہونڈا موٹر کمپنی لمیٹڈ، جاپان اور اٹلس گروپ آف کمپنیز، پاکستان کے مشترکہ منصوبے کے نتیجے میں قائم کی گئی تھی۔