بندش کی خبریں بے بنیاد، پلانٹ مکمل آپریشنل ہے، ٹھٹھہ سیمنٹ

ٹھٹھہ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (ٹی ایچ سی سی ایل) نے اپنے ایک حریف کی جانب سے پلانٹ کی اچانک بندش کے حوالے سے کیے گئے دعووں...
21 نومبر 2024

ٹھٹھہ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (ٹی ایچ سی سی ایل) نے اپنے ایک حریف کی جانب سے پلانٹ کی اچانک بندش کے حوالے سے کیے گئے دعووں کو بے بنیاد اور غلط قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا۔

سیمنٹ بنانے والی کمپنی نے جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ ایک نوٹس میں وضاحت دی کہ پلانٹ کو بند نہیں کیا گیا ہے۔

کمپنی چاہتی ہے کہ وہ اسٹاک ایکسچینج کی توجہ اس غلط معلومات کی طرف دلائے جو ہمارے ایک حریف نے 20 نومبر 2024 کو اپنے کارپوریٹ بریفنگ سیشن میں ہماری پلانٹ کی مبینہ اچانک بندش کے حوالے سے کی تھی۔

ٹی ایچ سی سی ایل نے اپنے نوٹس میں کہا کہ ہم واضح طور پر ان افواہوں کی تردید کرتے ہیں اور یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ گردش کرنے والی معلومات غلط اور بے بنیاد ہیں۔

کمپنی نے اپنے اسٹیک ہولڈرز سے درخواست کی کہ ہماری پلانٹ کی بندش کے بارے میں کسی بھی ایسی خبر کو نظر انداز کریں، چاہے وہ الیکٹرانک میڈیا پر نشر ہو، اخباروں، میگزینوں میں شائع ہو یا کسی اور پلیٹ فارم پر ہو، جب تک کہ کمپنی کے مجاز نمائندے کی طرف سے مناسب چینلز کے ذریعے باضابطہ طور پر تصدیق نہ کی جائے۔

ہم اس بات کی تصدیق کرنا چاہتے ہیں کہ ہم گزشتہ 3 سال سے مقامی کوئلے کا کامیابی سے استعمال کررہے ہیں اور اس کا ہمارے سیمنٹ پلانٹ پر کوئی منفی اثر نہیں پڑا۔

مزید برآں ہمارا پلانٹ مکمل طور پر کام کررہا ہے۔

واضح رہے کہ کمپنی 1980 ء میں پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر پاکستان میں قائم کی گئی تھی جو ٹھٹھہ پاور (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی ملکیت رکھنے کے علاوہ سیمنٹ کی مینوفیکچرنگ اور مارکیٹنگ میں مصروف ہے۔

حالیہ برسوں میں ، ٹی ایچ سی سی ایل قابل تجدید توانائی کی ٹیکنالوجیوں پر فعال طور پر عمل پیرا ہے۔ اس نے کامیابی کے ساتھ 3.5 میگاواٹ کا شمسی توانائی پلانٹ نصب کیا ہے۔

مزید برآں، کمپنی نے اپنی تازہ ترین مالیاتی رپورٹ میں بتایا کہ 1.5 میگاواٹ کا ایک نیا شمسی پلانٹ جاری ہے اور جلد ہی مکمل ہونے والا ہے۔

اس کے علاوہ ٹی ایچ سی سی ایل نے 4.8 میگاواٹ کی صلاحیت کے ساتھ ونڈ پاور جنریشن پروجیکٹ شروع کیا ہے جس کے مالی سال 2024-25 کی آخری سہ ماہی میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔

Read Comments