پاکستان میں رواں سال پولیو کا 50واں کیس رپورٹ

19 نومبر 2024

خیبرپختونخوا میں پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ ہوگیا جس کے بعد رواں سال ملک بھر میں سامنے آنے والے پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 50 ہو گئی۔

اسلام آباد کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں انسداد پولیو کی ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے کے پی کے ضلع ٹانک سے تعلق رکھنے والی ایک بچی کے تازہ ترین کیس کی تصدیق کی ہے۔

ضلع ٹانک سے رواں سال یہ دوسرا کیس رپورٹ ہوا ہے۔

اب تک بلوچستان سے 24، سندھ سے 13، خیبر پختونخوا سے 11، پنجاب اور اسلام آباد سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

گزشتہ ماہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں پولیو کے خاتمے کے اجلاس کی صدارت کی تھی اور پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پولیو کا مستقل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔

ستمبر میں پاکستان نے اس سال کی تیسری ملک گیر پولیو مہم کا آغاز کیا، کیونکہ پولیو کے کیسز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا۔ 2023 میں صرف 6 کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے جبکہ 2022 میں یہ تعداد 20 اور 2021 میں صرف 1 تھی۔

Read Comments