سیکیورٹیز منیجرز کو صارفین کو آئی پی ایس جاری کرنے کی ہدایت

18 نومبر 2024

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے سیکیورٹیز منیجرز (اہل سیکیورٹیز بروکرز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے صارفین کو ”انویسٹمنٹ پالیسی اسٹیٹمنٹ“ (آئی پی ایس) جاری کریں، جس میں صارفین کی خطرات برداشت کرنے کی صلاحیت، لیکویڈیٹی ضروریات اور ٹیکس پابندیوں کو واضح کیا جائے۔

سیکیورٹیز منیجرز (لائسنسنگ اینڈ آپریشنز) ریگولیشنز، 2024 نے اپنے صارفین کے لیے مذکورہ آئی پی ایس کی تفصیلات واضح کی ہیں۔

ریگولیشنز کے مطابق، سیکیورٹیز منیجر کو صارف سے مناسب مشاورت کے بعد اور صارف کے خطرات کے جائزے کو مدنظر رکھتے ہوئے کسٹمر کے لیے ایک تحریری انویسٹمنٹ پالیسی اسٹیٹمنٹ (آئی پی ایس) تیار کرنا ہوگا۔

آئی پی ایس کم از کم مندرجہ ذیل پہلوؤں کا احاطہ کرے گا:

(اے: صارف کی اہلیت، متعلقہ مالیاتی مارکیٹس کے بارے میں علم اور سمجھ، مالیاتی مصنوعات یا معاہدوں کی اقسام، اور ان میں شامل خطرات کا جائزہ۔

(بی: صارف نے متعلقہ مالیاتی مارکیٹوں میں کتنا وقت حصہ لیا ہے، لین دین کی فریکوئنسی اور کس حد تک صارف نے سرمایہ کاری سروس فراہم کنندگان کے مالی مشورے پر انحصار کیا ہے؛

(سی: متعلقہ مالیاتی مارکیٹوں میں صارف کی طرف سے کیے گئے لین دین کا سائز ، نوعیت اور صارف کے موجودہ سرمایہ کاری پورٹ فولیو کی ساخت اور سائز، اگر کوئی ہو؛

(ڈی: سرمایہ کاری کے مقاصد بشمول سیکورٹیز کی اقسام جن میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔

(ای: صارف کی خطرہ برداشت کرنے کی صلاحیت، یعنی خطرہ اٹھانے کی صارف کی اہلیت اور رضامندی، منافع کے مقاصد، اور سرمایہ کاری کی پالیسیوں اور مقاصد سے متعلق مخصوص خطرات کی تفصیلی وضاحت۔

(ایف: لیکوڈٹی کی ضروریات، ٹیکس کی پابندیاں، اور مخصوص سیکیورٹی یا مجموعی پورٹ فولیو کے حوالے سے سرمایہ کاری کی مدت کا تعین۔

(جی: گاہک کے دیگر منفرد حالات، معاملات یا پہلو جنہیں سیکورٹیز منیجر متعلقہ سمجھتا ہے۔

سیکیورٹیز منیجر کو منظور شدہ انویسٹمنٹ پالیسی اسٹیٹمنٹ (آئی پی ایس) پر صارف کے ساتھ سالانہ بنیادوں پر تبادلہ خیال کرنا ہوگا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ صارف کی بدلتی ہوئی سرمایہ کاری ترجیحات یا حالات کے پیش نظر آئی پی ایس اب بھی موزوں ہے یا نہیں۔

آئی پی ایس میں کسی بھی تبدیلی کو صرف صارف کی تحریری منظوری حاصل کرنے کے بعد ہی نافذ کیا جائے گا۔

اگر درمیانی مدت میں حالات میں اہم تبدیلی واقع ہو اور آئی پی ایس کا جلد جائزہ لینے کی ضرورت پیش آئے، تو سیکیورٹیز منیجر صارف کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ جائزہ لے گا۔

معاہدہ اور انویسٹمنٹ پالیسی اسٹیٹمنٹ (آئی پی ایس) کو سیکیورٹیز منیجر یا اس کے مجاز دستخط کنندہ اور صارف یا اس کے مجاز دستخط کنندہ کے ذریعے، ڈیجیٹل یا کسی اور طریقے سے، دستخط کیا جائے گا۔ یہ ریکارڈ میں محفوظ رکھا جائے گا تاکہ آڈیٹرز، کمیشن کے افسران، یا کسی دیگر متعلقہ ایجنسی یا اتھارٹی کے معائنے کے لیے دستیاب ہو۔ یہ شرط ہوگی کہ کسی مجاز دستخط کنندہ کو کسی انفرادی صارف کی طرف سے معاہدے یا آئی پی ایس پر دستخط کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مزید یہ کہ معاہدے اور آئی پی ایس کی ایک نقل معاہدے اور آئی پی ایس پر دستخط کے وقت صارف کو فراہم کی جائے گی۔

ایس ای سی پی نے مزید کہا کہ کمیشن کسی بھی وقت معاہدے کی کاپی اور آئی پی ایس پیش کرنے کا مطالبہ کرسکتا ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Read Comments