وزیراعظم شہباز شریف کی قلات میں دہشت گرد حملے کی مذمت، دشمنوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کا عزم

  • حملے میں ملوث افراد کو عبرتناک سزا دی جائے گی، وزیراعظم
16 نومبر 2024

ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ہفتے کے روز ضلع قلات کے علاقے جوہان میں نہتے شہریوں پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور پاکستان کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ایک بیان میں وزیر اعظم نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو تاکید کی ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور انہیں عبرتناک سزا دی جائے۔

حکام کی جانب سے ابھی تک قلات حملے میں ہونے والی اموات سے متعلق کوئی معلومات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان میں افراتفری اور بدامنی پھیلانے والے عناصر عوام اور صوبے کی ترقی کے دشمن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مذموم ہتھکنڈے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے حکومت کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے۔

وزیر اعظم نے ملک دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے قومی عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں دہشت گردی سے متعلق واقعات کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

9 نومبر کو کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے حملے میں کم از کم 26 افراد جاں بحق اور 62 زخمی ہوئے تھے۔

Read Comments