پنجاب حکومت کا مصنوعی بارش کیلئے مقامی ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ کیا

16 نومبر 2024

ریڈیو پاکستان کے مطابق پنجاب حکومت نے مقامی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے مصنوعی بارش کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور گوجر خان میں کلاؤڈ سیڈنگ کی گئی جس کے نتیجے میں جہلم اور گوجر خان میں چند گھنٹوں کے اندر بارش ہوئی۔

یہ منصوبہ پنجاب حکومت، پاک فوج کے سائنسی تحقیق و ترقی کے ماہرین، آرمی ایوی ایشن، پارکو اور انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

ٹرائل مکمل کرنے کے لئے تمام متعلقہ اداروں نے اپنی مقامی مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مصنوعی بارش کے اس تجربے کی کامیابی پر تمام سائنسی ماہرین اور متعلقہ اداروں کو مبارکباد دی۔

اس کامیابی سے پاکستان میں ٹیکنالوجی کی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور عوام کے لیے موسم سے متعلق مسائل کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

پنجاب حکومت نے جمعے کو لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا کیوں کہ صوبائی دارالحکومت اپنی ہوا کے لحاظ سے دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔

Read Comments