اتار چڑھاؤ کے بعد کے ایس ای 100 انڈیکس معمولی اضافے کے ساتھ بند

13 نومبر 2024

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کے کاروباری روز اتار چڑھاؤ کا رحجان دیکھنے میں آیا ہے تاہم انڈیکس 131 پوائنٹس کے معمولی اضافے کے ساتھ بند ہوا۔

کے ایس ای 100 انڈیکس نے کاروبار کا آغاز منفی کیا جس کے نتیجے میں انڈیکس انٹرا ڈے کم ترین سطح 92,943.08 پر پہنچ گیا۔

بعد ازاں خریداری کے رجحان شروع ہوا جس سے انڈیکس انٹرا ڈے کی بلند ترین سطح 93,803.59 کی پہنچ گیا تاہم اس کے بعد فروخت شروع ہونے سے انڈیکس میں پھر کمی واقع ہوئی۔

اختتام پر بنچ مارک انڈیکس 130.86 پوائنٹس یا 0.14 فیصد اضافے کے ساتھ 93,355.43 پوائنٹس پر بند ہوا۔

بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکورٹیز نے اپنی پوسٹ مارکیٹ رپورٹ میں بتایا کہ اسٹاک مارکیٹ نے استحکام کے مرحلے کو ظاہر کیا جس میں انڈیکس 93,804 تک پہنچا اور پھر 92,943 تک نیچے آیا۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ مقامی میوچل فنڈز کی مسلسل خریداری سے مارکیٹ کو سہارا ملا۔

ایم اے آر آئی، لک، ایس ای آر ایل، اینگرو اور پی او ایل میں مثبت رحجان سے انڈیکس میں اضافہ ہوا ہے اور مجموعی طور پر 461 پوائنٹس بڑھے۔ اس کے برعکس او جی ڈی سی، ایف ایف سی اور ایم ای بی ایل میں فروخت کا رحجان دیکھنے میں آیا جس سے انڈیکس میں 213 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی۔

منگل کے روز مثبت رفتار کے بعد کے ایس ای 100 انڈیکس 424 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ بند ہوا۔

ایک اہم پیش رفت میں ، انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسر روش (پاکستان) پاور لمیٹڈ (آر پی پی ایل) نے حکومت کے ساتھ اپنے طویل مدتی معاہدوں کو قبل ازوقت ختم کرنے کی منظوری دیدی ہے جبکہ انتظامیہ کو مذاکرات کے نتیجے میں طے پانے والے تصفیے پر عملدرآمد کا بھی اختیار دے دیا ہے۔

آر پی پی ایل کی پیرنٹ کمپنی آلٹرن انرجی لمیٹڈ نے بدھ کے روز پی ایس ایکس کو ایک نوٹس میں اس پیش رفت سے مطلع کیا۔

سی سی ایل ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ، جو سی سی ایل فارماسوٹیکلز کی ذیلی کمپنی ہے، نے مچلز فروٹ فارمز لمیٹڈ (MFFL) میں 50 فیصد حصص اور کنٹرولنگ اسٹیکس حاصل کرنے کیلئے پبلک اناؤنسمنٹ آف انٹینشن (پی اے آئی) جمع کرایا ہے۔

سی سی ایل ہولڈنگ (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی جانب سے آفر ٹو منیجر کے طور پر مقرر عارف حبیب لمیٹڈ نے اپنے اسٹاک نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) جو ملک کی سب سے بڑی ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (ای اینڈ پی) کمپنی ہے، نے کہا ہے کہ اس نے بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں واقع اوچ 35 ترقیاتی کنویں سے قدرتی گیس کی پیداوار کا آغاز کیا ہے۔

عالمی سطح پر، بدھ کے روز ایشیائی اسٹاکس میں زبردست کمی آئی کیونکہ امریکی بانڈ یلڈز میں تیز اضافے نے سرمایہ کاروں کو بے چین کر دیا، خصوصاً ایسے وقت میں جب افراط زر کے اہم اعداد و شمار کا انتظار کیا جارہا ہے کیوں کہ یہ فیڈرل ریزرو کی پالیسی میں نرمی کی رفتار کو متاثر کر سکتے ہیں۔

جولائی کے اواخر میں ویٹرنز ڈے کی تعطیلات کے بعد مارکیٹ دوبارہ کھلنے کے بعد قلیل مدتی ٹریژری کے منافع میں اضافہ ہوا جس سے تازہ ترین سیشن میں ین کے مقابلے میں امریکی ڈالر تین ماہ سے زیادہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے گزشتہ ہفتے وائٹ ہاؤس میں دوبارہ منتخب ہونے کے بعد سے بانڈز کے منافع میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ توقع ہے کہ کم ٹیکس اور زیادہ محصولات سے مالی خسارہ بڑھے گا اور حکومتی قرضوں میں اضافہ ہوگا۔

ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ 0.9 فیصد گر گیا، مین لینڈ چینی پراپرٹی اسٹاک کے سب انڈیکس میں 1.3 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔ چین کا بلیو چپس انڈیکس ہموار رہا۔

جاپان کے نکی اور جنوبی کوریا کے کوسپی میں بالترتیب 1.1 فیصد اور 1.2 فیصد کی کمی ہوئی جبکہ کموڈیٹی شیئرز کے بوجھ تلے دبے آسٹریلیا کے اسٹاک انڈیکس میں 1.1 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔

امریکہ کے ایس اینڈ پی 500 فیوچرز بھی پچھلے دن کی 0.3 فیصد کی کمی کے بعد 0.1 فیصد نیچے جانے کی طرف اشارہ کر رہے تھے۔

31 جولائی کے بعد پہلی بار منگل کو 4.367 فیصد تک چھلانگ لگانے کے بعد دو سالہ ٹریژری منافع 4.34 فیصد رہا۔

10 سالہ ییلڈ تقریباً 4.43 فیصد کے آس پاس تھی جو ایک ہفتے پہلے ٹرمپ کی زبردست فتح کے فوراً بعد 4.479 فیصد یعنی چار ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب تھی۔

ڈالر 30 جولائی کے بعد پہلی بار 154.94 ین کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا اور آخری بار 154.56 ین پر ٹریڈ ہورہا تھا۔

دریں اثنا انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر 0.03 فیصد بڑھی اور روپیہ 8 پیسے کے اضافے کے بعد 277 روپے 85 پیسے پر بند ہوا۔

آل شیئر انڈیکس پر حجم منگل کے روز 792.90 ملین سے بڑھ کر 807.07 ملین ہو گیا۔

حصص کی مالیت گزشتہ سیشن کے 30.79 ارب روپے سے بڑھ کر 31.69 ارب روپے ہوگئی۔

ورلڈ کال ٹیلی کام 43.29 ملین حصص کے ساتھ سب سے آگے رہی۔ اس کے بعد ویوز ہوم ایپ 33.20 ملین حصص کے ساتھ دوسرے اور پاک ریفائنری 31.52 ملین حصص کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔

بدھ کو 450 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 196 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 191 میں کمی جبکہ 63 میں استحکام رہا۔

Read Comments