وزارت مذہبی امور اور پی آئی اے میں 35 ہزار عازمین حج کو سفری خدمات فراہم کرنے پر اتفاق

13 نومبر 2024

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) آئندہ سال سرکاری اسکیم کے تحت 35 ہزار عازمین حج کو سفری سہولیات فراہم کرے گی۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق اس بات کا اعلان وزارت مذہبی امور کی جانب سے بدھ کے روز کیا گیا جس میں کہا گیا کہ قومی ایئرلائن اور وزارت کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔

سعودی وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی ایئرلائنز اور دیگر مقامی ایئرلائنز کے ساتھ معاہدوں کو بھی جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔

یہ معاہدہ حکومت کی جانب سے پیر کو اسلام آباد میں حج پالیسی 2025 کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے اعلان کیا ہے کہ 2025 میں ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی عازمین حج ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اور نجی حج اسکیموں میں حج کوٹہ 50:50 کے تناسب سے تقسیم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اور نجی حج اسکیموں کے لیے 89 ہزار 605 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔

حج اخراجات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری حسین نے کہا کہ 2025 کی سرکاری حج اسکیم پر 10 لاکھ 75 ہزار سے 11 لاکھ 75 ہزار روپے تک لاگت آنے کا امکان ہے جبکہ قربانی کی اضافی لاگت 55 ہزار روپے ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں چوہدری سالک حسین نے کہا کہ حج درخواستیں رواں ماہ کی 18 تاریخ سے اگلے ماہ کی تین تاریخ تک وصول کی جائیں گی جبکہ قرعہ اندازی اگلے ماہ کی چھ تاریخ کو ہوگی۔

Read Comments