پاکستان کی سب سے بڑی کمپنیوں میں سے ایک فوجی فاؤنڈیشن نے آغا اسٹیل انڈسٹریز لمیٹڈ کے حصص اور کنٹرول حاصل کرنے کے ارادے کا اعلان (پی اے آئی) ’بے نتیجہ‘ مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے واپس لے لیا ہے۔
اس پیشرفت کا اشتراک سریے اور دیگر آہنی مواد تیار کرنے والی کمپنی آغا اسٹیل نے منگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کردہ نوٹس میں کیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ پیشرفت 31 اگست کو اخبارات، بزنس ریکارڈر اور نوائے وقت میں شائع ہونے والے پبلک اناؤنسمنٹ آف انٹرسٹ ( پی آئی اے ) کے حوالے سے جس میں فوجی فاؤنڈیشن کے ذریعے آغا اسٹیل انڈسٹریز لمیٹڈ کے حصص اور کنٹرول حاصل کرنے کی بات کہی گئی تھی۔
انٹیگریٹڈ ایکوئٹیز لمیٹڈ (آئی ای ایل) کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ فروخت کنندگان کے ساتھ ووٹنگ شیئرز حاصل کرنے کے لیے مذاکرات بے نتیجہ رہے ہیں۔ آئی ای ایل کو فوجی فاؤنڈیشن نے آفر منیجر کے طور پر مقرر کیا تھا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ بالا عوامل کے پیش نظر اور حاصل کنندہ کی جانب سے، ہم یہاں پر پی اے آئی کی واپسی کے حوالے سے مطلع کررہے ہیں جو کہ متعلقہ قانون کی دفعات 21 (1) (بی) کے مطابق ہے۔
واضح رہے کہ فوجی فاؤنڈیشن (ایف ایف) ایک ’سوشل ہائبرڈ انٹرپرائز‘ ہے اور پاکستان کی سب سے بڑی سماجی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے جس کے پاس فرٹیلائزر، سیمنٹ، خوراک، بجلی کی پیداوار (تھرمل اور قابل تجدید)، تیل و گیس کی تلاش، ایل پی جی مارکیٹنگ اینڈ ڈسٹری بیوشن، میرین ٹرمینلز، فنانس سروسز (بینک اور مالیاتی بروکریج) اور روزگار کی خدمات میں کمپنیوں کا اسٹریٹجک پورٹ فولیو ہے۔
2020 میں اے جی ایچ اے نے 32 روپے کے حصص کی قیمت پر 120 ملین حصص کی انیشیل پبلک آفر (آئی پی او) کے ذریعے 3.84 ارب روپے کی فنڈنگ حاصل کی تھی۔