سعودی نیشنل بینک نے سامبا بینک کے حصص فروخت کرنے کا منصوبہ روک دیا

12 نومبر 2024

سعودی نیشنل بینک (ایس این بی) نے بینک میں اپنے ایکویٹی حصص کی فروخت کا عمل ختم کر دیا ہے۔

ایس این بی کے ماتحت ادارے سامبا بینک نے منگل کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’ہمیں مطلع کیا گیا ہے کہ سامبا بینک لمیٹڈ (سامبا پاکستان) میں اپنے حصص کی فروخت کے لیے مناسب جانچ پڑتال اور تلاش مکمل ہونے کے بعد سعودی نیشنل بینک سامبا پاکستان کے اکثریتی شیئر ہولڈر کی حیثیت سے سامبا پاکستان میں ایس این بی کے ایکویٹی حصص کی فروخت کا عمل ختم کر رہا ہے۔‘

اس سے قبل اپریل میں پاکستان کے سب سے بڑے کمرشل بینکوں میں سے ایک بینک الفلاح لمیٹڈ (بی اے ایچ ایل) نے سامبا بینک لمیٹڈ میں اکثریتی حصص حاصل کرنے کے اپنے ارادے کا عوامی اعلان جاری کیا تھا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’ہم یہ بتانا چاہتے ہیں کہ اس پیشکش کے منیجر عارف حبیب لمیٹڈ نے سعودی نیشنل بینک کی ملکیت والی کمپنی کے 84.51 فیصد حصص حاصل کرنے کے ارادے کا اعلان جمع کرا دیا ہے۔‘

بی اے ایچ ایل کی درخواست کے بعد اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے مئی میں بی اے ایچ ایل کو سامبا بینک لمیٹڈ کی جانچ پڑتال کرنے کی منظوری دی تھی۔

2021 میں سامبا بینک کو سامبا بینک لمیٹڈ، فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ اور گلف اسلامک انویسٹمنٹ ایل ایل سی کی انتظامیہ کے شریک ارکان پر مشتمل کنسورشیم سے 852.040 ملین ووٹنگ شیئرز کا کنٹرول حاصل کرنے کا پختہ ارادہ ملا تھا، جو بینک کے ادا شدہ سرمائے کا 84.51 فیصد ہے۔

تاہم، یہ معاہدہ کامیاب نہیں ہوا.

Read Comments