اسرائیل کے لبنان پر حملے میں 40 افراد جاں بحق

10 نومبر 2024

لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافات میں گزشتہ روز اسرائیلی فضائی حملوں میں متعدد بچوں سمیت کم از کم 40 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جمعے کی رات ساحلی شہر ٹائر میں کم از کم سات افراد جاں بحق ہو گئے۔

اس سے قبل اسرائیلی فوج نے شہر کے بڑے حصوں کو خالی کرنے کا حکم دیا تھا لیکن جمعے کے حملوں سے قبل اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا تھا۔

وزارت نے بتایا کہ مرنے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ وزارت نے مزید کہا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور حملے کے بعد ملنے والے جسم کے دیگر حصوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز قریبی قصبوں میں ہونے والے حملوں میں 13 افراد جاں بحق ہوئے جن میں حزب اللہ اور اس کے اتحادی امل سے وابستہ امدادی گروپوں کے سات طبی اہلکار بھی شامل ہیں۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز تاریخی شہر بالبیک کے ارد گرد مشرقی میدانی علاقوں میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 20 افراد جاں بحق ہو گئے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے سور اور بالبیک کے علاقوں میں حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا ہے، جن میں جنگجو، ”آپریشنل اپارٹمنٹس“ اور ہتھیاروں کے ذخیرے شامل ہیں۔

لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ ایک سال کے دوران اسرائیلی حملوں میں کم از کم 3136 افراد جاں بحق اور 13979 زخمی ہوئے ہیں۔ مرنے والوں میں 619 خواتین اور 194 بچے شامل ہیں۔

اسرائیل اکتوبر 2023 سے لبنانی مسلح گروپ حزب اللہ کے ساتھ لڑائی میں مصروف ہے، لیکن اس سال ستمبر کے آخر سے لڑائی میں ڈرامائی طور پر اضافہ ہوا ہے۔

اسرائیل نے اپنی بمباری کی مہم کو تیز اور وسیع کر دیا ہے اور حزب اللہ نے اسرائیل کے خلاف روزانہ راکٹ اور ڈرون حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

ایران کے حمایت یافتہ گروپ نے ہفتے کے روز 20 سے زائد کارروائیوں کا اعلان کیا ہے اور اس کے مطابق جنگجوؤں نے گزشتہ روز تل ابیب کے جنوب میں ایک فوجی فیکٹری کے خلاف کارروائی کی۔

ایک درجن سے زائد اسرائیلی حملوں نے بیروت کے جنوبی مضافات کو بھی نشانہ بنایا، جو کبھی حزب اللہ کا اہم گڑھ ہوا کرتا تھا۔

حزب اللہ کی جانب سے علاقے کے دورے پر لیے گئے روئٹرز کے نامہ نگاروں کے مطابق اب بہت سی عمارتیں تقریبا مکمل طور پر منہدم ہو چکی ہیں اور ان کھنڈرات پر حزب اللہ کے پیلے جھنڈے لہرا رہے ہیں۔

ان حملوں کے نتیجے میں کچھ عمارتوں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں کچھ منزلیں منہدم ہوگئیں اور فرنیچر اور دیگر ذاتی سامان نیچے کھڑی گاڑیوں پر گر گیا۔

اپنے سامان کی تلاش میں مصروف افراد میں سے ایک حسن حناوی نے کہا، “ہم زیادہ سے زیادہ (اپنا مال) جمع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاکہ ہم ان سے گزر بسر کر سکیں، اس سے زیادہ کچھ نہیں۔

Read Comments