بھارتی بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے ٹیم پاکستان بھیجنے کے فیصلے سے آگاہ نہیں کیا، محسن نقوی

اپ ڈیٹ 08 نومبر 2024

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے تصدیق کی ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پی سی بی کو اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی ہے کہ اس کی ٹیم اگلے سال چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آئے گی یا نہیں۔

ان کا یہ بیان بھارتی میڈیا کی اس خبر کے بعد سامنے آیا ہے کہ بی سی سی آئی نے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے اور درخواست کی ہے کہ ان کے میچز متحدہ عرب امارات منتقل کیے جائیں۔

2017 میں انگلینڈ میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کا چیمپئن پاکستان 19 فروری سے 9 مارچ تک ٹورنامنٹ کی میزبانی کررہا ہے۔

تاہم دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان طویل عرصے سے جاری سیاسی تناؤ کی وجہ سے بھارت نے 2008 کے بعد سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے اور حریف صرف ملٹی ٹیم ایونٹس میں ایک دوسرے کیخلاف کھیلتی ہیں۔

پاکستان نے گزشتہ سال ایشیا کپ کی میزبانی بھی کی تھی لیکن آخر کار فاتح بھارت نے اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے جسے منتظمین نے ’ہائبرڈ ماڈل‘ قرار دیا تھا۔ اس وقت بھارت نے کہا تھا کہ انہیں اپنی حکومت کی جانب سے دورہ پاکستان کی اجازت نہیں ملی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت کے دورہ پاکستان کے حوالے سے حتمی فیصلہ ملک کی حکومت کرے گی۔

محسن نقوی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا واضح موقف ہے کہ اگر انہیں (بھارتی کرکٹ بورڈ کو) کوئی مسئلہ ہے تو ہمیں تحریری طور پر آگاہ کیا جائے، آج تک ہم نے کسی ہائبرڈ ماڈل کے بارے میں بات نہیں کی ہے لیکن ہم اس پر بات کرنے کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب اگر بھارتی میڈیا اس کی رپورٹنگ کر رہا ہے تو آئی سی سی ہمیں کوئی خط ضرور دے گا یا پھر بھارتی بورڈ نے یہ کہیں لکھا ہوگا۔ اب تک ایسا کوئی خط مجھ تک یا پی سی بی تک نہیں پہنچا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کرکٹ سیاست سے پاک ہو۔ دنیا کے کسی بھی کھیل میں اس طرح کی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

Read Comments