وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2025 کی منظوری دیدی

وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2025 کی منظوری دیدی۔ وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں...
05 نومبر 2024

وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2025 کی منظوری دیدی۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ نے حج پالیسی 2025 کی منظوری دی۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سال 2025 میں پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہوگا جسے حکومت اور نجی شعبے میں مساوی طور پر تقسیم کیا جائے گا۔

حج پالیسی 2025 کے تحت 12 سال سے کم عمر کے بچوں کو اس سال حج کے لیے سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

وزیراعظم آفس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومتی کوٹے کے لیے کمپیوٹرائزڈ بیلٹنگ کی جائے گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ”روڈ ٹو مکہ“ کی سہولت اسلام آباد اور کراچی کے ائرپورٹس پر فراہم کی جائے گی۔

اس دوران، حجاج گروپ کے منتظمین وزارت مذہبی امور کے ساتھ سروس پرووائڈر کے معاہدے پر دستخط کریں گے، اور ان منتظمین کی خدمات کی قریب سے نگرانی کی جائے گی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ حجاج کرام کے لیے بہتر سہولتوں کی فراہمی کی نگرانی کے لیے ”ناظم“ کا نیا کردار تخلیق کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ “ہر 100 زائرین کے لیے ایک ناظم مقرر کیا جائے گا،جسے ویلفیئر اسٹاف میں سے منتخب کیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ کو مزید بتایا گیا کہ حج کے دوران وفات پانے یا زخمی ہونے والے زائرین کے لیے معاوضہ بڑھا دیا گیا ہے۔

جاں بحق ہونے والے زائرین کے اہل خانہ کو اب 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 20 لاکھ روپے جبکہ زخمی زائرین کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔

اس کے علاوہ عازمین حج کی سہولت کے لیے خصوصی حج مینجمنٹ ایپلی کیشن بھی تیار کی گئی ہے ۔

وفاقی کابینہ نے ہدایت کی کہ پہلی بار حج کرنے والوں کو حج بیلٹنگ میں ترجیح دی جائے۔ کابینہ نے یہ بھی ہدایت کی کہ عازمین حج کے لئے بہترین سہولتوں کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

دریں اثنا، وزارت خزانہ و محصولات کی سفارش پر وفاقی کابینہ نے لندن انٹر بینک آفرڈ ریٹ سے سیکیورڈ اوور نائٹ فنانسنگ ریٹ میں تبدیلی کے لیے ایک معاہدے کی منظوری دی۔

Read Comments