فرخ سبزواری کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کمپنی لمیٹڈ (پی ایس ایکس) کا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کردیا گیا ۔
پی ایس ایکس نے منگل کو ایکسچینج کو ایک نوٹس میں اس پیش رفت کا اشتراک کیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج لمیٹڈ (پی ایس ایکس) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی سفارش پر سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے فرخ سبزواری کو سیکیورٹیز ایکسچینج (لائسنسنگ اینڈ آپریشنز) ریگولیشنز 2016 کے تحت 3 سال کی مدت کے لیے پی ایس ایکس کا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
اس میں مزید کہا گیا کہ سبزواری 18 نومبر 2024 کو پی ایس ایکس کے سی ای او کی حیثیت سے اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔
ایس ای سی پی کے سابق چیئرمین سبزواری نے سرمایہ کاری بینکنگ کے کاروبار میں 25 سال سے زائد عرصہ پاکستان اور بیرون ملک سینئر مینجمنٹ عہدوں پر گزارا ہے۔
اس سے قبل انہوں نے کے اے ایس بی سیکیورٹیز (بی او اے میرل لنچ کے مقامی پارٹنر) کے سی ای او اور مینیجنگ ڈائریکٹر، بی ایم اے کیپیٹل اور سی ایل ایس اے ایمرجنگ مارکیٹس کے پاکستان میں کنٹری ہیڈ کی حیثیت سے خدمات سرانجام دی ہیں۔
جولائی میں یہ اعلان کیا گیا تھا کہ فرخ ایچ خان نے پی ایس ایکس کے سی ای او کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا تاکہ وہ دیگر مواقع کو حاصل کر سکیں، یہ فیصلہ ان کی مدت ختم ہونے سے تقریباً ڈیڑھ سال پہلے کیا گیا۔
بعد میں معلوم ہوا کہ فرخ ٹیلی کام آپریٹر جاز کے چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) کے طور پر شامل ہوں گے۔
فرخ کے استعفے کے بعد پی ایس ایکس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اگست میں شیئر ہولڈر ڈائریکٹر ندیم نقوی کو کمپنی کا عبوری سی ای او مقرر کیا تھا۔