وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شرح سود میں کمی سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں، برآمدات اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے پالیسی ریٹ میں 250 پوائنٹس کی کمی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 250 پوائنٹس کی کمی کے بعد پالیسی ریٹ کو 17.5 فیصد سے کم کرکے 15 فیصد کرنا خوش آئند ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ افراط زر 38 فیصد سے کم ہو کر 7 فیصد پر آ گیا ہے جبکہ قومی اور بین الاقوامی ادارے ملکی معیشت کے استحکام کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں افراتفری پھیلانے اور ملک کو دیوالیہ ہونے کے دہانے پر لانے والوں کے مذموم عزائم ناکام ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ ان لوگوں کو ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھے گی جنہوں نے ملک کی بقا کے لئے اپنی سیاست قربان کردی۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران پاک سعودی سرمایہ کاری شراکت داری میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کے دوران سعودی قیادت بالخصوص سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا دیرینہ دوست اور شراکت دار ہے، سعودی قیادت نے پاکستان کی معیشت کے استحکام اور ترقی کے لیے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کو بتایا کہ دورہ قطر کے دوران قطری قیادت نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے کی بھی یقین دہانی کرائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قطر کی تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبوں کو عملی شکل دینے کے لئے بات چیت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ قطر پاکستان میں ایوی ایشن، ہوٹلنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبوں سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اصلاحاتی ایجنڈے پر ملک کے ہر شعبے میں عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر کو ہدایت کی گئی ہے کہ ٹیکس ادا کرنے والے افراد کی عزت کی جائے کیونکہ وہ پاکستان کے سفیر ہیں۔
اجلاس کے دوران قومی اسمبلی میں مجوزہ قانون سازی بل کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کو بھی اعتماد میں لیا گیا۔