پی آئی اے کو کوڑیوں کے بھاؤ نہیں بیچ سکتے، علیم خان

04 نومبر 2024

وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے) کو فروخت کرنے کی ذمہ داری ان کی ہے اور اس حوالے سے بہترین حل نکالا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری کا فریم ورک بنایا گیا ہے۔ پی آئی اے پر 830 ارب روپے کا قرض ہے، اس قرض میں سے 600 ارب روپے ہولڈکو کمپنی میں رکھے گئے ہیں جب کہ 200 ارب روپے پی آئی اے میں رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ ان کے عہدہ سنبھالنے سے پہلے ہوا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس عمل کو تبدیل نہیں کرسکتے جو پہلے ہی شروع کیا جاچکا ہے۔

علیم خان نے کہا کہ ان کے پاس نجکاری کے فریم ورک کو تبدیل کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کا ایک طریقہ کار ہے جس کے تحت وہ کسی بھی چیز کی نجکاری کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس پی آئی اے کو فروخت کرنے کی ذمہ داری ہے، نہ کہ اسے درست سمت پر ڈالنے کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پی آئی اے کی موجودہ صورتحال کے ذمہ دار نہیں ہیں اور وہ انہیں دیئے گئے نجکاری کے طریقہ کار سے انحراف نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سابق وزیر نجکاری بھی انہیں مشورے دے رہے ہیں، لیکن یہ مشورے انہیں اپنے دور میں نافذ کرنے چاہیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے ایک قومی اثاثہ ہے اور اسے سستے داموں نہیں بیچا جاسکتا۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی آئی اے کی بولی کے دن وہ ریاض میں سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری کے ساتھ میٹنگ میں مصروف تھے۔ انہوں نے بتایا کہ بولی والے دن دو میٹنگز ہوئیں؛ ایک نجکاری کمیشن کی، جس کی صدارت انہوں نے کی، اور اسی دن انہوں نے سی سی او پی کی میٹنگ میں بھی شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ اگر خیبرپختونخوا، پنجاب اور سندھ کی حکومتیں مل کر پی آئی اے خریدنا چاہتی ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو مؤثر انداز میں چلانے کے لئے پروفیشنل مینجمنٹ بہت ضروری ہے اور اگر مناسب طریقے سے انتظام کیا جائے تو قومی ائرلائن کے ذریعے آمدنی حاصل کی جاسکتی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی آئی اے کے پاس بین الاقوامی روٹس کے لیے بہترین اوقات ہیں۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حوالے سے علیم خان کا کہنا تھا کہ ایک سال میں 50 ارب روپے کا منافع ہونے جارہا ہے۔ اس سال این ایچ اے کا ریونیو 64 ارب روپے سے بڑھ کر 110 ارب روپے تک پہنچ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے یا نیشنل ہائی وے پر کسی بھی ٹرک کو مقررہ وزن سے زیادہ وزن لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے معاملے کو بہترین انداز میں آگے بڑھایا جائے گا اور اگر اس سلسلے میں نئے فریم ورک کی ضرورت پڑی تو اسے بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی آئی اے کی حکومت سے حکومت کی بنیاد پر نجکاری کی جاتی ہے تو اس معاملے کو دیکھا جائے گا۔

علیم خان نے کہا کہ موجودہ فریم ورک میں کچھ حدود ہیں۔ لیکن اگر نیا فریم ورک بنایا جاتا ہے تو اس بات کا امکان ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری صفر ذمہ داری کے ساتھ کی جائے گی اور اس سے مزید خریدار راغب ہوسکتے ہیں۔ پاکستان پوسٹ کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین ہزار ملازمتیں ختم کی گئی ہیں جس سے 2 ارب 80 کروڑ روپے کی بچت ہوئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں کی تعداد 27 سے بڑھ کر 34 سے 35 ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کچھ ایم او یوز پر عمل درآمد جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے ہم سب کا قومی اثاثہ ہے جسے آج بھی بہتر پالیسیوں اور مناسب سرمایہ کاری سے منافع بخش بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اچھی طرح جانتی ہے کہ ماضی کی ہر حکومت نے پی آئی اے کو اس مقام تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے ہمارے پاس مزید آپشنز موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس ادارے کے بقیہ 200 ارب روپے کے واجبات بھی نکال سکتی ہے اور ”کلین پی آئی اے“ دے سکتی ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل شفاف ہے، سب کچھ میڈیا کیمروں کے سامنے ہوا اور لائیو دکھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی پر رونے یا الزام تراشی میں جانے کے بجائے ہمیں آگے بڑھ کر ملک کے لیے بہتر کرنا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس وقت پی آئی اے کے علاوہ 9 ڈسکوز کی نجکاری پائپ لائن میں ہے۔ جہاں تک سرمایہ کاری کا تعلق ہے تو صرف سعودی عرب کے ساتھ ایم او یوز کی تعداد 34 تک پہنچ چکی ہے اور 2.8 ارب روپے کی سرمایہ کاری پہلے ہی سامنے آچکی ہے جس کے ذریعے کام شروع ہوچکا ہے اور روس اور چین سے سرمایہ کار آرہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جہاں تک ان کے محکموں کا تعلق ہے۔ مواصلات کے شعبے میں سالانہ آمدنی اگلے 5 سالوں میں 500 ارب تک پہنچ جائے گی جو ایک تاریخی قدم ہوگا۔ دیگر ممالک کی طرح این ایچ اے کو بھی پاکستان سے باہر جانا ہوگا اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے بین الاقوامی فرم کے طور پر ٹینڈر حاصل کرنا ہوں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں علیم خان کا کہنا تھا کہ این ایچ اے میں سخت پالیسیاں متعارف کرائی گئی ہیں، ایکسل لوڈ پر کوئی سمجھوتہ نہیں، موٹرویز اور نیشنل ہائی ویز کی حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے۔

عبدالعلیم خان نے نشاندہی کی کہ اب بھی پی آئی اے میں صلاحیت موجود ہے کیونکہ 24 کروڑ افراد کے پاس صرف ایک ائرلائن ہے جس سے وہ براہ راست پروازوں کے ذریعے یورپ اور امریکہ جا سکتے ہیں اور بالآخر ادارے کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Read Comments