پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے کے لیے اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا ہے جس میں نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین کی تقریبا دو سال بعد قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
تین ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا میچ پیر 4 نومبر کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں کھیلا جائے گا۔
حسنین کو چیمپیئنز ون ڈے کپ میں متاثر کن کارکردگی کے بعد وائٹ بال ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جس میں انہوں نے صرف 6 میچز میں 16.17 کی اوسط سے سب سے زیادہ 17 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اس کے علاوہ مڈل آرڈر بلے باز کامران غلام نے بھی مضبوط ڈومیسٹک پرفارمنس کی بدولت اپنی جگہ بنائی۔ وہ ون ڈے کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے کھلاڑی تھے۔ کامران غلام دو سال کے وقفے کے بعد اپنا دوسرا ون ڈے کھیلیں گے۔
بیٹنگ کے شعبے میں ڈیبیو کرنے والے صائم ایوب عبداللہ شفیق کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے جبکہ اسٹار بلے باز بابر اعظم دوسرے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔
مڈل آرڈر لائن اپ میں کپتان محمد رضوان، کامران غلام، سلمان علی آغا اور ڈیبیو کرنے والے عرفان خان شامل ہیں۔
پاکستان کا پیس اٹیک شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور حسنین پر مشتمل ہوگا سلمان علی آغا واحد اسپنر ہوں گے۔
آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون:
محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، محمد عرفان خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین۔