پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار نے خلیج عدن میں 23 ایرانی ماہی گیروں کو بچا لیا۔
ایرانی کشتی نے اطلاع دی کہ وہ اپنے بندرگاہ سے 1200 بحری میل دور ہے جس میں ایک عملے کا رکن شدید زخمی ہے اور انجن میں خرابی آ گئی ہے۔
پی این ایس ذوالفقار کے عملے نے فوری طور پر ماہی گیروں کو طبی اور تکنیکی مدد فراہم کی اور انجن کی مرمت کی۔
خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے قومی مقصد کے کے تناظر میں پاک بحریہ باقاعدگی سے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول پر اپنے جہاز و دیگر اثاثے تعینات رکھتی ہے۔
بیان کے مطابق تعیناتی کے دوران پاک بحریہ کے بحری جہاز سمندر میں سرگرمیاں سرانجام دینے والے بحری جہازوں کی مدد بھی کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ انسانی امداد کا یہ آپریشن بحر ہند کے خطے میں سفر کرنے والے بحری جہازوں کی حفاظت اور سلامتی کے لیے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔