قلیل مدتی بانڈز کی نیلامی میں زیادہ لیکویڈیٹی پر ریکارڈ 2 کھرب روپے سے زائد کی بولیاں موصول ہوئیں۔ پاکستان مارکیٹ ٹریژری بلز (ایم ٹی بیز) کی نیلامی میں سرمایہ کاروں نے ہدف سے پانچ گنا زیادہ بولیاں جمع کروائیں۔ تجزیہ کاروں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر شرکت مارکیٹ میں مضبوط لیکویڈیٹی کی عکاسی کرتی ہے۔
مجموعی طور پر 2.19 ٹریلین روپے کی بولیاں موصول ہوئیں جبکہ ہدف 400 ارب روپے اور میچورٹی 893 ارب روپے تھی۔ موصول ہونے والی بولیوں میں سے وفاقی حکومت کی جانب سے اسٹیٹ بینک نے مجموعی طور پر 820 ارب روپے جمع کیے۔
سب سے زیادہ 502 ارب روپے 12 ماہ کے ٹی بلز کی فروخت پر جمع کیے گئے۔ جبکہ 3 ماہ کے ایم ٹی بیز کی فروخت کی مد میں 173 ارب روپے اور 6 ماہ کے ٹریژری بلز کی فروخت سے 142 ارب روپے حاصل ہوئے۔
توقعات کے مطابق قلیل مدتی حکومتی بانڈز کے کٹ آف منافع میں 140 بی پی ایس تک کمی واقع ہوئی۔ 3 ماہ کے بانڈز پر منافع 140 بی پی ایس کی کمی سے 13.8998 فیصد، 6 ماہ کے بانڈز پر منافع 84 بی پی ایس کی کمی سے 13.50 فیصد اور 12 ماہ کے بانڈز پر منافع 64 بی پی ایس کی کمی سے 13.0997 فیصد رہا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024