پاکستان کی ایک رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ کمپنی نے بدھ کو کہا ہے کہ اس نے پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے لئے بولی لگانے کے عمل میں داخل ہونے کی شرائط مکمل کرلی ہیں جو رواں ہفتے کے آخر میں شیڈول ہے۔
خسارے میں چلنے والی ائر لائن کی نجکاری پر غور کرنے والی حکومت نے رواں ماہ کے اوائل میں کہا تھا کہ 6 کمپنیوں کو ممکنہ بولی دہندگان کے طور پر شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔
بلومبرگ نے نجکاری کمیشن کے ایک عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ صرف ایک کمپنی نے حتمی بولی لگانے سے پہلے ’ارنسٹ منی‘ جمع کرانے کیلئے منگل کی ڈیڈ لائن پوری کی۔
بلیو ورلڈ سٹی کے چیئرمین سعد نذیر نے رائٹرز کو ایک ٹیکسٹ پیغام میں تصدیق کی کہ ان کی کمپنی حتمی بولی کے عمل میں داخل ہونے والی واحد کمپنی ہے۔
نجکاری کی وزارت نے کاروباری اوقات کے بعد تبصرے کیلئے درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔
قبل ازیں اسلام آباد نے کہا تھا کہ وہ قرض میں ڈوبی ائر لائن میں 51 سے 100 فیصد تک کا حصہ فروخت کے لیے پیش کررہے ہیں جو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی طرف سے تجویز کردہ اصلاحات کا حصہ ہے۔
بلیو ورلڈ سٹی، جو ایک رئیل اسٹیٹ ڈیولپر ہے، کے کنسورشیم میں بلیو ورلڈ ایوی ایشن اور آئی آر آئی ایس کمیونیکیشن لمیٹڈ شامل ہیں۔
سعد نذیر نے کہا کہ یہ گروپ اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کے آپریشنز کو حاصل کرنے پر بھی غور کررہا ہے جسے حکومت آؤٹ سورس کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گروپ عالمی طیارہ سازوں اور ہوائی اڈوں کے آپریٹرز کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے، جن میں چینی اور ترکیہ کی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔