گزشتہ سیشن میں گراوٹ کے بعد منگل کو خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کی وجہ اسٹریٹجک پٹرولیم ریزرو (ایس پی آر) کے لئے تیل خریدنے کے امریکی منصوبے نے کچھ مدد فراہم کی حالانکہ مستقبل میں کمزور طلب میں اضافے کے بارے میں وسیع تر خدشات نے دباؤ ڈالا۔
برینٹ کروڈ فیوچر 3 سینٹ اضافے سے 71.45 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ کی قیمت 7 سینٹ اضافے سے 67.45 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
دونوں معاہدوں میں پیر کو 6 فیصد کمی واقع ہوئی جو یکم اکتوبر کے بعد سے اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے کیونکہ ہفتے کے اختتام پر اسرائیل کی جانب سے ایران پر جوابی حملے نے تہران کے تیل کے بنیادی ڈھانچے کو نظرانداز کردیا تھا۔
اس حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تنازعے کے بڑھنے کے امکانات کم نظر آنے کی نشانیوں کے ساتھ، سرمایہ کاروں کی تشویش عالمی تیل کی طلب میں سست روی کے حوالے سے بڑھ گئی، جو اس سال اور اگلے سال کی توقعات میں موجود ہے۔
نسان سکیورٹیز کی این ایس ٹریڈنگ کے صدر ہیرویوکی کیکوکاوا نے کہا کہ اگرچہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا منظر نامہ تشویشناک ہے، لیکن مارکیٹ اسرائیل اور ایران کے درمیان جوابی حملوں میں عارضی وقفے کی توقع کر رہی ہے۔
امریکہ نے پیر کو کہا تھا کہ وہ آئندہ سال مئی تک ایس پی آر کی فراہمی کے لیے 30 لاکھ بیرل تیل کی تلاش کر رہا ہے، ایک ایسی خریداری جس سے حکومت کے پاس مزید خریدنے کے لیے بہت کم رقم رہ جائے گی جب تک کہ اراکین مزید فنڈز کی منظوری نہیں دے دیتے۔
ہفتے کو متعدد اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے تہران کے قریب اور مغربی ایران میں میزائل فیکٹریوں اور دیگر مقامات پر حملے کئے تھے۔
یہ حملے فوجی اہداف کے لیے زیادہ موزوں تھے جس سے ان خدشات میں کمی آئی کہ اسرائیل ایران کی جوہری تنصیبات یا تیل کے بنیادی ڈھانچے پر حملہ کر سکتا ہے۔
آئی این جی اکنامکس کے تجزیہ کاروں نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ “اسرائیل کی جانب سے ہدف بنا کر کیے گئے ردعمل نے کشیدگی میں کمی کے دروازے کھلے رکھے ہیں، جس سے بنیادی اصولوں کو ایک بار پھر مارکیٹ کے لئے غالب محرک بننے کا موقع ملے گا۔
تاہم مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بدستور برقرار ہے کیونکہ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل باگھائی نے پیر کو کہا تھا کہ ایران اسرائیل کے ہفتے کے اختتام پر ہونے والے حملے کا جواب دینے کے لیے ’تمام دستیاب ذرائع استعمال کرے گا‘۔
امریکہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کو متنبہ کیا ہے کہ اگر اس نے مشرق وسطیٰ میں اسرائیل یا امریکی اہلکاروں کے خلاف مزید جارحانہ کارروائی کی تو اسے ’سنگین نتائج‘ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے ایک ابتدائی جائزے کے مطابق امریکا میں خام تیل اور پٹرول کے ذخیرے میں گزشتہ ہفتے اضافے کا امکان ہے جبکہ ڈسٹیلیٹ انونٹریز میں کمی دیکھی گئی ہے۔
امریکن پٹرولیم انسٹی ٹیوٹ انڈسٹری گروپ منگل کو ہفتہ وار رپورٹ جاری کرے گا اور امریکی محکمہ توانائی کی شماریاتی شاخ انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن بدھ کو ایک رپورٹ جاری کرے گی۔