ماسکو دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا چاہتا ہے، روسی اسپیکر کی یوسف گیلانی سے گفتگو

  • دونوں فریقین کے درمیان سفارتی، اقتصادی اور تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا
28 اکتوبر 2024

روسی فیڈرل اسمبلی کی فیڈریشن کونسل کی اسپیکر ویلنٹینا مٹوینکو نے کہا ہے کہ روس پاکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور سفارتکاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی، اقتصادی، تجارتی اور پارلیمانی تعلقات کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویلنٹینا مٹوینکو کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ ملے گا اور علاقائی امن، ترقی اور خوشحالی کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور تیل و گیس کے شعبوں میں بہتری کے لئے روس کے تعاون کو سراہا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی تعلقات کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے اور پاکستان کی سینیٹ میں پاک روس دوستی گروپ پہلے ہی تشکیل دیا جا چکا ہے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی حجم میں مزید اضافہ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے نئے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن کے لئے بات چیت کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔

اس موقع پر روسی وفاقی اسمبلی کی فیڈریشن کونسل کے اسپیکر نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی تعلقات کے فروغ سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں بھی مدد ملے گی۔

Read Comments