تیسری سہ ماہی، فوجی فرٹیلائزر کو 22.6 ارب روپے کا منافع

28 اکتوبر 2024

پاکستان میں فرٹیلائزر پیدا کرنے والی سب سے بڑی کمپنیوں میں سے ایک فوجی فرٹیلائزر کمپنی (ایف ایف سی) نے 30 ستمبر 2024 کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں 22.59 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 15.62 ارب روپے کے مقابلے میں تقریبا 45 فیصد زیادہ ہے۔

پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کمپنی کی جانب سے شیئر کیے گئے اسٹیٹمنٹ کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس 28 اکتوبر 2024 کو ہوا جس میں کمپنی کی مالی اور آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

زیادہ منافع کے باوجود بی او ڈی نے 30 ستمبر 2024 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے لئے صفر نقد منافع کا اعلان کیا۔

ایف ایف سی نے کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے جاری انضمام کے پیش نظر اور انضمام شدہ ادارے کے تمام شیئر ہولڈرز کو منافع کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے کسی عبوری ڈیویڈنڈ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

ایف ایف سی کا کہنا ہے کہ بورڈ انضمام کے عمل کی کامیابی کے ساتھ تکمیل کے بعد ادائیگی کا رجحان دوبارہ شروع کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

دریں اثناء مالی سال 2024 کی تیسری سہ ماہی میں فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 17.51 روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں یہ 11.92 روپے تھی۔

اس عرصے کے دوران ایف ایف سی کی آمدنی تقریبا 11 فیصد اضافے کے ساتھ 57.72 ارب روپے تک پہنچ گئی۔

مالی سال 2024 کی تیسری سہ ماہی میں کمپنی کا مجموعی منافع تقریبا 57 فیصد اضافے کے ساتھ 30.68 ارب روپے رہا جبکہ گزشتہ برس اس مدت میں یہ 19.58 ارب روپے تھا۔ اس کے نتیجے میں ایف ایف سی کے منافع کا مارجن 24 کی تیسری سہ ماہی میں بہتر ہو کر 53.15 فیصد ہو گیا جبکہ گزشتہ برس اس مدت میں یہ شرح 37.5 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

مالی سال 2024 کی تیسری سہ ماہی میں ایف ایف سی کی ’دیگر آمدنی‘ بھی بڑھ کر 5.63 ارب روپے ہوگئی جو گزشتہ برس اس مدت میں 4.74 ارب روپے تھی جو تقریبا 19 فیصد اضافہ ہے۔

دوسری جانب کمپنی کی فنانس لاگت 16 فیصد کم ہو کر 1.40 ارب روپے رہ گئی جبکہ مالی سال 2023 کی تیسری سہ ماہی میں یہ 1.66 ارب روپے تھی۔

مالی سال 2024 کی تیسری سہ ماہی میں کمپنی کے دیگر اخراجات تقریبا 60 فیصد اضافے کے ساتھ 2.1 ارب روپے تک پہنچ گئے جبکہ گزشتہ برس اس مدت میں یہ 1.31 ارب روپے تھے۔

سہ ماہی کے دوران کمپنی نے ایسوسی ایٹس اور جوائنٹ وینچرز کے منافع میں 7.45 ارب روپے کمائے جو گزشتہ برس اس مدت میں کے مقابلے میں 97 فیصد زیادہ ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ اس نے سونا یوریا کو بین الاقوامی قیمتوں کے مقابلے میں بہت کم نرخوں پر فروخت کیا، جس سے مقامی کاشتکاروں کو 320 ملین ڈالر کا فائدہ ہوا۔

Read Comments