اسٹاک ایکسچینج میں خریداری کا رجحان، 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر بند

  • ٹریڈنگ کے دوران بینچ مارک انڈیکس نے 91 ہزار کی سطح بھی عبور کرلی تھی
اپ ڈیٹ 28 اکتوبر 2024

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں پیر کو زبردست تیزی کا رجحان دیکھا گیا جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 91 ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح عبور کرگیا۔

اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 201.55 پوائنٹس یا 0.22 فیصد اضافے کے ساتھ 90,195.51 پر بند ہوا۔ کاروبار کے دوران یہ 91,054.83 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

ایچ بی ایل، ایم سی بی، ایم ای بی ایل، پی پی ایل، پی ایس او، ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی سمیت انڈیکس ہیوی اسٹاک میں مثبت رجحان رہا۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے آئندہ ہفتے ہونے والے مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کے اجلاس میں شرح سود میں نمایاں کمی کی توقعات پر حالیہ ہفتوں کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ توڑ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے

مزید برآں، کارپوریٹ نتائج کے اعلانات اور سازگار معاشی پیش رفت سے امید میں اضافہ ہوتا ہے۔

گزشتہ ہفتے پی ایس ایکس نے انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مقامی سرمایہ کاروں کی جارحانہ خریداری اور ادارہ جاتی حمایت کی وجہ سے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں ہفتہ وار بنیادوں پر 4743.88 پوائنٹس کا زبردست اضافہ ہوا اور یہ تاریخ کی بلند ترین سطح 89993.97 پوائنٹس پر بند ہوا۔ ایک موقع پر انڈیکس نے 90 ہزار پوائنٹس کی تاریخی نفسیاتی سطح عبور کی تاہم کچھ حصص میں منافع کے حصول کی وجہ سے یہ اس سطح کو برقرار رکھنے میں ناکام رہا۔

بین الاقوامی سطح پر پیر کو ابتدائی سیشن میں مین لینڈ چین کے اسٹاک میں کمی دیکھی گئی، جبکہ ہانگ کانگ کے اسٹاک میں معمولی اضافہ ہوا، کیونکہ سرمایہ کاروں کو اندرون ملک ہونے والے اہم اجلاس اور اگلے ہفتے ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات کے ممکنہ نتائج کا بے چینی سے انتظار ہے۔

چین کا بلیو چپ سی ایس آئی 300 انڈیکس 0.4 فیصد کم ہوا جبکہ ہانگ کانگ بینچ مارک ہینگ سینگ ابتدائی کاروبار میں کافی حد تک مستحکم رہا۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے جمعے کو کہا کہ چین کے اعلی قانون ساز ادارے کا اجلاس 4 سے 8 نومبر تک ہوگا، جس میں انتہائی متوقع قرضوں اور دیگر مالی اقدامات کے ایجنڈے کا کوئی ذکر نہیں کیا جائے گا۔

آل شیئر انڈیکس کا حجم جمعہ کے روز 695.54 ملین سے کم ہو کر 567.26 ملین رہ گیا۔

حصص کی مالیت گزشتہ سیشن کے 37.87 ارب روپے سے کم ہو کر 29.21 ارب روپے رہ گئی۔

فوجی فوڈز لمیٹڈ 53.65 ملین شیئرز کے ساتھ سب سے آگے، کے الیکٹرک لمیٹڈ 29.88 ملین شیئرز کے ساتھ دوسرے اور سوئی سدرن گیس 27.41 ملین شیئرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔

پیر کو 456 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 179 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 222 میں کمی جبکہ 55 میں استحکام رہا۔

Read Comments