پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ آسٹریلیا اور دورہ زمبابوے میں ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کیلئے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو وائٹ بال کپتان اور سلمان علی آغا کو نائب کپتان مقرر کردیا ہے۔ یہ دورے 4 نومبر سے 5 دسمبر تک جاری رہیں گے۔
اس بات کا اعلان چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ ان کے ہمراہ چیف سلیکٹر عاقب جاوید، محمد رضوان اور سلمان علی آغا بھی موجود تھے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سلمان زمبابوے میں ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کریں گے کیونکہ رضوان کو ورک لوڈ مینجمنٹ پلان کے تحت آرام دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں رضوان کو پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کا کپتان مقرر ہونے پر مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ان کی قائدانہ صلاحیتیں، کھیل کے لئے ان کی گہری وابستگی اور جذبے کی بنیاد پر، اس باصلاحیت ٹیم کو مستقل طور پر کامیاب یونٹ بنانے میں مدد کریں گی۔
2015 میں وائٹ بال ڈیبیو کرنے والے 32 سالہ رضوان نے اب تک 74 ون ڈے اور 102 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں 4 سنچریوں کی مدد سے 5401 رنز بنائے ہیں۔
محمد رضوان 4 نومبر کو میلبورن میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میں ٹیم کی قیادت کریں گے، رضوان پاکستان کے 31 ویں کپتان ہوں گے۔ وہ 14 نومبر کو برسبین میں ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے 12 ویں کھلاڑی ہوں گے۔
اس سے قبل پی سی بی سلیکٹرز نے آسٹریلیا اور زمبابوے میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی دوروں کے لیے بابر، نسیم اور شاہین کو شامل کرتے ہوئے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔
ان تینوں کو انگلینڈ کے خلاف آخری دو ٹیسٹ میچوں سے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔
تاہم سلیکٹرز کا کہنا ہے کہ بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کو آئندہ ماہ زمبابوے کے دورے میں محدود اوورز کے میچز کے لیے آرام دیا جائے گا۔
دورہ آسٹریلیا کا اسکواڈ:
ون ڈے اسکواڈ میں عامر جمال، عبداللہ شفیق، عرفات منہاس، بابر اعظم، فیصل اکرم، حارث رؤف، حسیب اللہ، کامران غلام، محمد حسنین، محمد رضوان، عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان آغا اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ: عرفات منہاس، بابر اعظم، حارث رؤف، حسیب اللہ، جہانداد خان، عباس آفریدی، محمد رضوان، عرفان خان، نسیم شاہ، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، سلمان آغا، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور عثمان خان اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
دورہ زمبابوے کا اسکواڈ:
ون ڈے ٹیم میں عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، احمد دانیال، فیصل اکرم، حارث رؤف، حسیب اللہ، کامران غلام، محمد حسنین، محمد رضوان، عرفان خان، صائم ایوب، سلمان آغا، شاہنواز دھانی اور طیب طاہر شامل ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں احمد دانیال، عرفات منہاس، حارث رؤف، حسیب اللہ، جہانداد خان، عباس آفریدی، محمد حسنین، عرفان خان، عمیر بن یوسف، قاسم اکرم، صاحبزادہ فرحان، سلمان آغا، سفیان مقیم، طیب طاہر اور عثمان خان شامل ہیں۔