وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعہ کو میاںوالی کے مولا خیل علاقے میں ایک فیصلہ کن کارروائی میں 10 ’خوارج‘ کو ختم کرنے پر پنجاب پولیس کی تعریف کی ہے۔
وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے اس مشن میں پنجاب پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے بروقت اور مؤثر اقدام کی ستائش کی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قوم اپنے پولیس فورس کے نڈر جوانوں پر فخر کرتی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم اور ایسے خطرات کو ناکام بنانے کے لئے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کا مشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ہر خطرے کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔
وزیراعظم کی ڈی آئی خان میں دہشت گرد حملوں کی مذمت
ایک علیحدہ بیان میں وزیراعظم نے ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں کے اضلاع میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درہ زندہدہ میں دہشت گرد عناصر کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے ضلع بنوں میں دہشت گرد حملے میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور آخرت میں ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم کی جانب سے یہ مذمت صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکورٹی چیک پوسٹ پر گھات لگا کر کیے گئے حملے میں کم از کم 10 ایف سی اہلکاروں کی شہادت کے بعد سامنے آئی ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کے مطابق شہید ہونے والے ایف سی اہلکاروں میں سے 6 کا تعلق خیبر پختونخوا کے جنوبی وزیرستان اور چار کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔