پاکستان کے سب سے بڑے کمرشل بینکوں میں سے ایک ایم سی بی بینک لمیٹڈ نے 30 ستمبر 2024 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران 18.13 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) حاصل کیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 19.66 ارب روپے کے مقابلے میں تقریبا 8 فیصد کم ہے۔
بینک نے بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کردہ اپنے بیان میں بتایا کہ بینک کی فی حصص آمدنی (ای پی ایس) سہ ماہی کے دوران 15.27 روپے فی حصص رہی جبکہ گزشتہ برس کے اس عرصے میں 16.57 روپے فی حصص کی آمدنی ہوئی تھی۔
مارکیٹ کے ماہرین کے مطابق آمدنی صنعت کی توقعات کے مطابق ہیں۔
اس عرصے کے دوران ایم سی بی نے 44.89 ارب روپے کی خالص سودی آمدنی حاصل کی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں ریکارڈ کی گئی 44.95 ارب روپے سے قدرے کم ہے۔
2024 ء کی تیسری سہ ماہی میں بینک کی فیس اور کمیشن کی آمدن معمولی کمی کے ساتھ 5.93 ارب روپے رہی جو سالانہ ایک فیصد کی کمی ہے۔
جبکہ ایم سی بی کی زرمبادلہ آمدنی 2024 کی تیسری سہ ماہی میں 2.83 ارب روپے رہی جو گزشتہ برس کے اس عرصے میں 2.51 ارب روپے تھی۔
ایم سی بی کی مجموعی آمدنی 2023 کی تیسری سہ ماہی کے 54.11 ارب روپے کے مقابلے میں 2024 کی تیسری سہ ماہی میں تقریبا 1 فیصد اضافے کے ساتھ 54.57 ارب روپے ہوگئی۔
2024 ء کی تیسری سہ ماہی کے دوران ایم سی بی کے مجموعی غیر سودی اخراجات 16 فیصد اضافے کے ساتھ 19.33 ارب روپے تک پہنچ گئے جبکہ گزشتہ برس کے اس عرصے میں یہ 16.68 ارب روپے تھے۔
مذکورہ مدت کے دوران اس کا قبل از ٹیکس منافع 35.63 ارب روپے رہا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 38.43 ارب روپے کے مقابلے میں 7 فیصد سے زائد کی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔
بینک نے 2024 کی تیسری سہ ماہی میں 17.49 ارب روپے ٹیکس ادا کیا جو 2023 کی تیسری سہ ماہی کے 18.76 ارب روپے کے مقابلے میں 5 فیصد سے زیادہ کم ہے۔