صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس آف پاکستان مقرر کردیا ہے۔
پی ٹی وی نیوز کے مطابق جسٹس یحییٰ آفریدی کی مدت ملازمت 26 اکتوبر سے شروع ہو رہی ہے۔
ان کی تقرری آئین کے آرٹیکل 175 اے (3)، 177 اور 179 کے مطابق کی گئی ہے۔
وہ موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جگہ لیں گے جو 25 اکتوبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔
ایک روز قبل حکومت اور اپوزیشن ارکان پر مشتمل خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے جسٹسیحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے بعد سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ کو نیا چیف جسٹس مقرر کیا جانا تھا۔
تاہم، آئین (26 ویں ترمیم) ایکٹ، 2024 کے بعد، 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی کو سپریم کورٹ کے تین سینئر ترین ججوں کے پینل میں سے نئے چیف جسٹس کا انتخاب کرنے کا اختیار دیا گیا۔
منگل کو کمیٹی نے یحییٰ آفریدی کے لیے اپنی سفارش وزیراعظم شہباز شریف کو ارسال کی تھی جسے بعد ازاں صدر مملکت نے منظور کر لیا۔
جسٹس یحییٰ آفریدی
جسٹس یحییٰ آفریدی نے ابتدائی تعلیم ایچی سن کالج لاہور سے حاصل کی اور گورنمنٹ کالج لاہور سے پولیٹیکل سائنس اینڈ اکنامکس میں بیچلر آف آرٹس کی ڈگری حاصل کی۔
انہوں نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے معاشیات میں ماسٹرز آف آرٹس کی ڈگری حاصل کی۔
جسٹس یحییٰ آفریدی 2010 میں پشاور ہائی کورٹ کے جج بنے اور 2018 میں سپریم کورٹ کے جج بنے۔
جسٹس یحییٰ آفریدی 30 دسمبر 2016 کو حلف اٹھانے کے بعد وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے سے تعلق رکھنے والے پہلے جج تھے جنہوں نے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالا تھا۔
انہوں نے ہائیکورٹ میں 28 جون 2018 ء کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کی حیثیت سے اپنی ترقی تک خدمات انجام دیں۔