سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پشین میں انٹیلیجنس آپریشن پر کارروائی کے دوران پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ہفتے کو جاری بیان میں کہا کہ سیکورٹی فورسز نے 18 اکتوبر کو ضلع پشین میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ گرفتار شدہ خوارج متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے جبکہ فورسز اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔
سیکورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے قبضے سے 3 خودکش جیکٹوں سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 17 اکتوبر کو ایک اور آپریشن میں ضلع ژوب میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 خوارج ہلاک ہوئے۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ علاقے سے دہشتگردوں کی صفائی کیلئے مہم کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے بے گناہ شہریوں کو خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔