حب پاور کمپنی لمیٹڈ (حبکو) کی ماتحت کمپنی میگا موٹر کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے نیو انرجی وہیکل (این ای وی) بنانے والی معروف کمپنی بی وائی ڈی آٹو انڈسٹری کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ اہم شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔
حبکو کی جانب سے جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
نوٹس کے مطابق حبکو کے ماتحت ادارے میگا موٹر کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے بی وائی ڈی آٹو انڈسٹری کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ پاکستان میں بی وائی ڈی برانڈ کی گاڑیوں کی تیاری، مارکیٹنگ، ڈسٹریبیوشن اور فروخت کے لیے ماسٹر سپلائی اینڈ مینوفیکچرنگ کا معاہدہ کیا ہے جبکہ لائسنس شدہ مصنوعات کے لیے تکنیکی لائسنس کے معاہدے بھی کیے گئے ہیں۔
کمپنی کا خیال ہے کہ بی وائی ڈی کی معروف ٹیکنالوجی میگا موٹر مقامی مہارت کے ساتھ مل کر پاکستان کے آٹوموٹو سیکٹر کو مستقبل کی جانب لے جائے گی جس سے صارفین کو دنیا کی معروف آٹوموٹو ٹیکنالوجی کمپنی سے مختلف انتخاب فراہم کیا جائے گا۔
بی وائی ڈی نے مارچ میں پاکستانی پارٹنر میگا گروپ (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کا اعلان کیا تھا۔
جون میں حبکو نے اعلان کیا تھا کہ اس کا مکمل ملکیتی ماتحت ادارہ (حب پاور ہولڈنگز) اپنی متعلقہ کمپنی میگا موٹر کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ذریعے بی وائی ڈی آٹو انڈسٹری کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) میں کاروبار کی ایک نئی لائن میں داخل ہو رہا ہے۔
آخر کار، اگست میں، چینی ای وی کمپنی نے باضابطہ طور پر پاکستانی مارکیٹ میں قدم رکھا اور ماحول دوست نقل و حمل کے ایک نئے دور کا عزم ظاہر کیا. یہ انٹری بی وائی ڈی کی متاثر کن عالمی کارکردگی کے بعد آئی ہے جس نے 2022 اور 2023 دونوں میں دنیا کے سب سے زیادہ این ای وی فروخت کنندہ کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
کمپنی نے حال ہی میں اپنے 80 لاکھویں نئی توانائی کی گاڑی کی پیداوار کا جشن منایا اور یہ سنگ میل مئی 2021 میں 10 لاکھ کی حد عبور کرنے کے صرف تین سال بعد حاصل کیا گیا۔دیگر ترقی پذیر ممالک کی طرح پاکستان کو بھی فضائی آلودگی اور گرین ہاؤس گیسوں کے بڑھتے ہوئے اخراج سے متعلق چیلنجز کا سامنا ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ بی وائی ڈی کی ای ویز کے متعارف ہونے سے روایتی پٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کا صاف ستھرا متبادل پیش کرکے ان مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ تاہم ای وی سے متعلق بنیادی ڈھانچے کی کمی سے متعلق مسائل بدستور موجود ہیں۔