وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے جمعرات کو امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو بتایا کہ حکومت کا میکرو اکنامک اصلاحات پر کام جاری ہے۔
فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محمد اورنگزیب نے ان خیالات کا اظہار امریکی سفیر سے ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران اورنگزیب نے موسمیاتی تبدیلی اور بچوں کی نشوونما جیسے سنگین چیلنجز کی نشاندہی کی جس سے عدم مساوات برقرار رہنے اور درمیانی سے طویل مدت میں پاکستان میں معاشی ترقی اور استحکام کی رفتار میں خلل پڑنے کا خطرہ ہے۔
انہوں نے امریکی سفیر کو بتایا کہ پاکستان ترقیاتی شراکت داروں کی تکنیکی اور مالی مدد سے موافقت میں اصلاحات اور غذائی قلت کی روک تھام کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹںے کی صلاحیت پیدا کرنے کا خواہاں ہے تاکہ مجموعی ترقیاتی اہداف کو یقینی بنایا جا سکے۔
اورنگزیب نے ٹیکس، توانائی اور ایس او ای کے محاذوں پر وسیع البنیاد اصلاحات جاری رکھنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب کو 13.5 فیصد تک بڑھانے کے لئے پرعزم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے لئے ایک جامع ٹرانسفارمیشن پلان کی منظوری دے دی ہے اور پی آر اے ایل (ایف بی آر کی آئی ٹی شاخ) کے بورڈ میں ماہرین کو شامل کیا ہے۔
دریں اثنا ڈونلڈ بلوم نے میکرو اکنامک استحکام کو بہتر بنانے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور خاص طور پر ٹیکس اور توانائی کے شعبوں میں چیلنجنگ اور جرات مندانہ اصلاحات شروع کرنے پر حکومت کی تعریف کی۔
فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق امریکی سفیر نے پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے تکنیکی اور ترقیاتی اقدامات میں دوطرفہ تعاون بڑھانے اور اعلیٰ معیار کی امریکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔