پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میچ کو راولپنڈی سے باہر منتقل کرنے کی افواہوں کی تردید کردی ہے۔
ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ تیسرے ٹیسٹ میچ کو راولپنڈی سے ملتان منتقل کرنے سے متعلق میڈیا رپورٹس درست نہیں ہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ شیڈول کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے ایک ماہ کے دورے پر پاکستان پہنچی ہے۔
ملتان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں مہمان ٹیم نے ایک اننگز اور 47 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کل سے ملتان میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا ٹیسٹ 24 اکتوبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون کا اعلان کیا تھا جس میں ٹاپ ڈومیسٹک پرفارمر کامران غلام کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
میزبان ٹیم نے اسپن ہیوی اٹیک بھی متعارف کرایا جس میں نعمان علی، زاہد محمود اور ساجد خان کو پلیئنگ الیون میں جگہ ملی۔
اتوار کو پاکستان نے دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کے لئے اپنے اسکواڈ میں بڑی تبدیلیاں کیں ، جس میں بابر اعظم ، شاہین آفریدی ، نسیم شاہ اور ابرار احمد (جو ابھی بخار سے صحت یاب ہو رہے ہیں) جیسے بڑے کھلاڑیوں کو ڈراپ کیا گیا ہے۔