تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنی پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے پنجاب کے علاقے پوٹھوار میں واقع ایک نئے کنویں ادھی ساؤتھ 9 کنویں سے ہائیڈرو کاربن کی پیداوار شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ملک میں قدرتی گیس فراہم کرنے والے اہم ادارے ای اینڈ پی نے پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
“ہمیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہے کہ تیل اور گیس کی پیداوار میں اضافے کے لئے ہماری مسلسل کوششوں کے ایک حصے کے طور پر، ادھی مائننگ لیز میں کھدائی کی گئی ایک نئی ترقیاتی کنویں ادھی ساؤتھ-9 سے پیداوار کا آغاز ہوا ہے، جو کمپنی اپنے جوائنٹ وینچر پارٹنرز، آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) اور پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ (پی او ایل) کے ساتھ مل کر 39 فیصد ورکنگ انٹرسٹ کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
کمپنی کی جانب سے پی ایس ایکس میں جمع کرائے گئے نوٹس کے مطابق ادھی ساؤتھ 9 کو کامیابی کے ساتھ 3430 میٹر کی گہرائی تک ڈرل کیا گیا اور حوصلہ افزا لاگ نتائج کی بنیاد پر پروڈکشن شروع کی گئی۔
پی پی ایل کا مزید کہنا تھا کہ کنویں کے پلانٹ سے منسلک ہونے کے بعد 530 بیرل یومیہ تیل اور 0.6 ملین مکعب فٹ یومیہ گیس کی پیداوار شروع ہوگئی ہے۔
اسلام آباد سے تقریبا 70 کلومیٹر جنوب میں پوٹھوار کے علاقے میں واقع ادھی میں کھدائی کا کام 1956 میں شروع ہوا اور ایک دہائی تک جاری رہا جس کے دوران چار کنویں کھودے گئے۔ فیلڈ سے خام تیل کی پیداوار 1980 کی دہائی کے اوائل میں ساکیسر ریزروائر سے شروع ہوئی تھی۔
ادھی کے بڑے گاہک گیس کے لئے ایس این جی پی ایل، ایل این جی / خام تیل کے لئے اٹک ریفائنری لمیٹڈ اور مختلف ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیاں ہیں۔
اس سے قبل جولائی میں پی پی ایل نے ادھی ساؤتھ 8 کنویں سے ہائیڈرو کاربن کی پیداوار شروع کی تھی۔ پچھلے سال پی پی ایل نے ادھی ساؤتھ 6 کنویں سے ہائیڈرو کاربن کی پیداوار شروع کی تھی۔