چینی وزیراعظم لی چیانگ کے آئندہ ہفتے دورہ پاکستان کے دوران پاکستان اور چین اہم تجارتی و اقتصادی امور پر تبادلہ خیال کریں گے اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی اعلیٰ معیار کی ترقی پر تبادلہ خیال کریں گے۔ یہ بات دفترخارجہ کی جانب سے جارہ کردہ بیان میں بتائی گئی ہے۔
بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ چینی وزیراعظم 14 سے 17 اکتوبر تک ایک اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔
ان کے ہمراہ وزارت خارجہ و تجارت، نیشنل ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن اور چائنا انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے سینئر حکام اور وزرا بھی ہوں گے۔
اپنے تین روزہ سرکاری دورے کے دوران چینی وزیراعظم 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم لی چینی وفود کی قیادت کریں گے اور پاک چین تعلقات کے تمام پہلوؤں بشمول اقتصادی و تجارتی تعلقات اور سی پیک کے تحت تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔
فریقین علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
چینی وزیراعظم صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے اور پاکستان کے پارلیمانی رہنماؤں اور اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
چینی وزیراعظم کا دورہ اسلام آباد پاکستان اور چین کی جانب سے ”آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ“ کو دی جانے والی اہمیت کا مظہر ہے۔
چینی وزیر اعظم کی جانب سے ہوائی اڈے کے افتتاح کا امکان
چینی وزیر اعظم لی چیانگ اپنے دورے کے دوران پاکستان کے بلوچستان صوبے میں چینی مالی امداد سے تعمیر ہونے والے ہوائی اڈے کا افتتاح کرسکتے ہیں۔ یہ بات اطلاعات کے وزیر عطا اللہ تارڑ نے اتوار کو صحافیوں کو بتائی۔
حکومتی اور ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اگست میں ہونے والے مہلک دہشت گرد حملوں کے بعد 200 ملین ڈالر کی لاگت سے تعمیر ہونے والے گوادر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آپریشن ز کا آغاز سیکورٹی کے جائزے کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق نیا ہوائی اڈے پر اندرون ملک اور بین الاقوامی پروازوں کا انتظام ہوگا اور ملک کے سب سے بڑے ہوائی اڈوں میں سے ایک ہوگا۔
حکام نے بتایا کہ ابتدائی منصوبے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے 14 اگست کو چینی حکام کے ہمراہ ہوائی اڈے کا افتتاح کرنا تھا لیکن دھرنے کی وجہ سے اسے منسوخ کر دیا گیا۔