وزیر اعظم شہباز شریف کا پولیس کی استعداد کار بڑھانے کیلئے مالی معاونت کا عزم

11 اکتوبر 2024

ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعہ کو کہا ہے کہ پولیس کی پیشہ ورانہ تربیت اور صلاحیت بڑھانے کے لیے تمام ممکنہ مالی مدد فراہم کی جائے گی تاکہ اسے ایک مثالی فورس بنایا جا سکے۔

اسلام آباد میں پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پولیس فورس کی بہادری اور شجاعت کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے حالیہ تشدد آمیز سیاسی ریلی کو مؤثر طریقے سے ناکام بنایا جس کا مقصد افراتفری پھیلانا تھا۔

وزیر اعظم نے اسلام آباد پولیس کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا جس کا مقصد دارالحکومت کی پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر لانا ہے۔

اپنی وزارات اعلیٰ کے دور میں پنجاب سیف سٹی، ڈولفن فورس اور ایلیٹ فورس جیسے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ پولیس اصلاحات پر توجہ دیتی رہی ہے۔

قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم کے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز کے دورے کا مقصد عوام کے تحفظ کے لیے پولیس کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران وفاقی دارالحکومت میں جرائم کی شرح میں 38 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں سیکورٹی فورسز نے بلاتعطل چوبیس گھنٹے اپنے فرائض سرانجام دیئے جو انتہائی قابل ستائش ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ محکمہ پولیس کے 400 اہلکاروں کی خدمات کے اعتراف میں ان کی ترقی کے معاملے پر پیشرفت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیف سٹی میں ایک پولیس اسٹیشن قائم کیا گیا ہے جبکہ کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی مدد سے ستائیس تھانوں کی تزئین و آرائش کی جارہی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ دس خدمت مراکز پہلے ہی کام کرنا شروع کر چکے ہیں جبکہ سفارت کاروں اور غیر ملکیوں کے لئے ایک اور مرکز قائم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے کو سات ہزار سات سو کیمروں تک بڑھایا جا رہا ہے۔

قبل ازیں پولیس لائنز آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

وزیراعظم نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے وزیٹر بک میں اپنے تبصرے بھی لکھے۔

وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔

Read Comments