صدر مملکت آصف علی زرداری آج ترکمانستان کا دورہ کریں گے

10 اکتوبر 2024

صدر مملکت آصف علی زرداری 10 اور 11 اکتوبر کو ترکمانستان کا دورہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت اشک آباد میں منعقد ہونے والے ”وقت اور تہذیب کے باہمی تعلقات –امن اور ترقی کی بنیاد“ کے موضوع پر بین الاقوامی فورم میں شرکت کے لیے ترکمانستان کا دورہ کریں گے.

بیان کے مطابق فورم میں صدر آصف علی زرداری خطے کے لیے امن، اتحاد اور ترقی کی اقدار کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔

توقع ہے کہ وہ فورم کے موقع پر ترکمان قیادت کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

بین الاقوامی فورم کا انعقاد ترکمانستان کے عظیم مفکر، شاعر اور فلسفی مگتیمگلی فراگی کے 300 ویں یوم پیدائش کے موقع پر کیا جارہا ہے۔

قبل ازیں صدر مملکت نے ترکمانستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکمانستان کی کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین اور وزیر خارجہ راشد میردوف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے ترکمانستان کے ساتھ تعلقات کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے تعلقات خطے میں امن اور خوشحالی کے لئے مشترکہ وژن پر مبنی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح دوروں کا تبادلہ باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی باہمی خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔

Read Comments