سیکورٹی فورسز نے ژوب میں 2 دہشتگرد مار ڈالے

09 اکتوبر 2024

سیکورٹی فورسز نے بدھ کے روز ضلع ژوب میں فرنٹیئر کور کی ایک چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کرنے والے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ان میں فورسز کو انتہائی مطلوب دہشتگرد بھی شامل تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کو مؤثر طریقے سے ناکام بنائی اور فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ ان میں ایک خود کش بمبار اور انتہائی مطلوب دہشتگرد عمر عرف عمری شامل تھا۔ کیمپ کو نقصان پہنچانے سے قبل ہی دونوں دہشتگرد مارے گئے۔

دہشت گرد عمر عرف عمری سیکورٹی فورسز اور بے گناہ شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ وہ ڈپٹی کمشنر شیرانی کے قافلے پر ہونے والے حالیہ حملے میں بھی شامل تھا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران حوالدار جمشید خان شہادت کے مرتبے پر فائز ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

بیان کے مطابق پاکستانی سیکورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور شہدا کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

Read Comments