پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں لسٹڈ انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) بشمول حب پاور کمپنی لمیٹڈ (حبکو) اور لال پیر پاور لمیٹڈ نے ہنگامی اجلاس طلب کیے ہیں کیونکہ حکومت نے ان کے معاہدوں کو قبل از وقت ختم کرنے کے اقدامات شروع کردیے ہیں۔
لسٹڈ کمپنیوں نے جمعرات کو پی ایس ایکس کو اپنے متعلقہ نوٹسز میں اس پیش رفت کا اشتراک کیا۔
حبکو نے اپنے بیان میں کہا کہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ہنگامی اجلاس 10 اکتوبر 2024 کو منعقد کیا جائے گا، تاکہ بورڈ کے سامنے اکتوبر 2024 میں کمپنی کے عمل درآمد کے معاہدے، پاور خریداری کے معاہدے، ایندھن کی سپلائی کے معاہدے، اور ضمانت کی قبل از وقت منسوخی کی شرائط پیش کی جائیں۔ یہ معاہدے مارچ 2027 میں ختم ہونے والے تھے اور یہ بات چیت وزیراعظم کے دفتر کے تحت تشکیل دی گئی ٹاسک فورس اور بعض آئی پی پیز، بشمول ہماری کمپنی کے ساتھ ہوئی۔
پی ایس ایکس میں لال پیر پاور لمیٹڈ کی جانب سے بھی اسی طرح کا بیان جاری کیا گیا.
انہوں نے کہا کہ یہ آپ کو مطلع کرنا ہے کہ لال پیر پاور کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ تاکہ حکومت پاکستان، اس کے اداروں اور کمپنی سمیت بعض آئی پی پیز کے درمیان ہونے والی بات چیت کی روشنی میں کمپنی کے نفاذ کے معاہدے، پاور پرچیز ایگریمنٹ اور گارنٹی کو جلد ختم کرنے کی تجویز کردہ شرائط بورڈ کے سامنے پیش کی جائیں۔
یہ پیش رفت توانائی کے شعبے کے پلیئرز کے درمیان بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کی نشاندہی کرتی ہے ، کیونکہ حکومت مالی چیلنجز سے نمٹنے اور بجلی کے شعبے کو ہموار کرنے کے لئے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر دوبارہ بات چیت یا ختم کرنا چاہتی ہے۔
بزنس ریکارڈر نے منگل کو خبر دی تھی کہ وفاقی حکومت کے مختلف آئی پی پیز پر کام کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں کیونکہ چار آئی پی پیز ، میسرز اٹلس پاور ، میسرز صبا پاور ، میسرز روس پاور اور لالپیر پاور نے معاہدوں کو قبل از وقت ختم کرنے کا آغاز کیا ہے جبکہ حبکو کے منگل یا بدھ کو اس پر عمل کرنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاور سیکٹر سے متعلق ٹاسک فورس جس میں دو سینئر سیکیورٹی افسران کے علاوہ بورڈ میں وکلاء اور ایس ای سی پی، پی پی آئی بی، سی پی پی اے جی اور نیپرا کے ماہرین بھی شامل ہیں، نے 1994، 1994 اور 2002 سے قبل کی پاور جنریشن پالیسیوں کے تحت قائم آئی پی پیز کو دوبارہ مذاکرات کے لیے قائل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ تین آئی پی پیز حبکو پاور، روس پاور اور لال پیر پاور نے آخر تک لڑائی لڑی لیکن بالآخر بجلی کی خریداری کے معاہدوں (پی پی اے) کو قبل از وقت ختم کرنے پر نرمی کا مظاہرہ کیا۔
تاہم حبکو اور حکومتی ٹیم کے درمیان ایک ارب روپے کی رقم پر اختلافات ہیں۔