لبنان سے 70 پاکستانیوں کو لے کر خصوصی پرواز کراچی پہنچ گئی

لبنان سے 70 پاکستانیوں کو لے کر خصوصی پرواز بدھ کو کراچی پہنچ گئی۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ...
09 اکتوبر 2024

لبنان سے 70 پاکستانیوں کو لے کر خصوصی پرواز بدھ کو کراچی پہنچ گئی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی اور صوبائی وزیر اکرام اللہ دھاریجو نے ان کا استقبال کیا۔

ان پاکستانی شہریوں کو لبنان سے وطن واپس لایا گیا جو سڑک کے ذریعے شام کے شہر دمشق گئے تھے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان میں شام سے تعلق رکھنے والے چار پاکستانی بھی شامل ہیں۔

حماس کی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیل کی جنگ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل کے اندر حملے کے بعد شروع ہوئی تھی جس میں 41،900 سے زائد افراد شہید ہوئے ہیں جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ یہ اعداد و شمار قابل اعتماد ہیں۔

اس کے نتیجے میں ہونے والی لڑائی لبنان تک پھیل گئی ہے، جس میں فضائی حملوں میں تیزی آئی ہے اور اسرائیلی فوجی زمینی جنگ میں حزب اللہ کے عسکریت پسندوں سے نبرد آزما ہیں۔

اسرائیل کی جانب سے لبنان پر بمباری کے نتیجے میں دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں 1100 سے زائد افراد شہید اور 10 لاکھ سے زائد بے گھر ہو چکے ہیں۔

منگل کو وفاقی کابینہ نے فلسطین اور لبنان میں اسرائیلی بربریت سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے فلسطین اور لبنان کے لیے وزیراعظم ریلیف فنڈ کے قیام کی منظوری دے دی۔

کابینہ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کو اس حوالے سے اکاؤنٹ کھولنے کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال فلسطین اور لبنان میں امدادی کارروائیوں کی نگرانی کریں گے۔

پاکستان نے لبنان کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی

گزشتہ ماہ پاکستان نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ جاری تنازع کے دوران لبنان کا سفر نہ کریں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان میں حالیہ حملوں کے پیش نظر پاکستانی شہریوں کو سختی سے ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ تاحکم ثانی لبنان کا سفر نہ کریں۔

اس میں لبنان میں مقیم پاکستانی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کمرشل پروازوں پر سفر کریں جو اب بھی دستیاب ہیں۔

Read Comments