محسن نقوی کا چینی سفارت خانے کا دورہ، کراچی دھماکے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت

07 اکتوبر 2024

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی دھماکے میں دو چینی شہریوں کی ہلاکت پر اظہار تعزیت کے لیے چینی سفارت خانے کا دورہ کیا ہے۔

وزیر داخلہ نے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات کے دوران چینی شہریوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے چینی سفیر کو دھماکے کی تمام تفصیلات اور تحقیقات میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لئے کام کرنے والے چینی بھائیوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ پاک چین دوستی پر حملہ ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اس سے قبل بیجنگ نے پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے چینی عملے کو لے جانے والے قافلے کو اتوار کی رات کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دہشت گردوں کے حملے میں نشانہ بنائے جانے کے بعد مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

اس حملے میں دو چینی شہری ہلاک اور ایک زخمی ہوا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مزید سات افراد زخمی بھی ہوئے ہیں اور کم از کم آٹھ گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔

چینی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں چینی سفارتخانہ اور قونصلیٹ جنرل اس دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، دونوں ممالک کے بے گناہ متاثرین سے گہری تعزیت اور زخمیوں اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

سفارت خانے نے مزید کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ مل کر اس صورتحال سے نمٹنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔

Read Comments