سعودی وفد 9 اکتوبر کو پاکستان کا دورہ کرے گا، دفتر خارجہ

دفتر خارجہ نے پیر کو اعلان کیا کہ سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح 9 اکتوبر سے 11 اکتوبر تک...
07 اکتوبر 2024

دفتر خارجہ نے پیر کو اعلان کیا کہ سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح 9 اکتوبر سے 11 اکتوبر تک ایک اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون اور باہمی فائدہ مند اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر سرمایہ کاری صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے۔

دریں اثنا ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو غزہ کے عوام کی بھوک اور نسل کشی پر گہری تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کے عوام کے خلاف اسرائیل کی جنگ کا ایک سال مکمل ہونے پر ہم 42 ہزار شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

شمالی غزہ میں خلیفہ بن زید اسکول، وسطی غزہ کی ایک مسجد اور پناہ گزین کیمپ پر حالیہ اسرائیلی فضائی حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے حملے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے جنگی جرائم کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کو اس کے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے لئے جوابدہ ہونا پڑیگا۔

جب ہم تنازع کے سال پر غور کر رہے ہیں تو ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فیصلہ کن کارروائی کرے اور غزہ کے عوام کے تحفظ کے لیے فوری اور مستقل جنگ بندی کا نفاذ کرے۔

Read Comments