اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس سے قبل فوج طلب

04 اکتوبر 2024

وفاقی حکومت نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہ اجلاس کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہ اجلاس 15 سے 16 اکتوبر تک اسلام آباد میں ہوگا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر اضافی تعداد میں فوجیوں کی تعیناتی کا حتمی مقام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اسلام آباد انتظامیہ طے کرے گی۔

قبل ازیں بھارتی وزارت خارجہ نے تصدیق کی تھی کہ سبرامنیم جے شنکر اس ماہ کے آخر میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔

تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا وہ اس موقع پر کسی پاکستانی عہدیدار سے ملاقات کریں گے یا نہیں۔

دوسری جانب بدھ کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں تفصیلی سیکورٹی پلان کی منظوری دی گئی۔

وزیر داخلہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کی میزبانی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ متعدد سربراہان مملکت شرکت کریں گے جو قوم کے لئے ایک اہم اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہمانوں کی جامع سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پاک فوج، رینجرز، فرنٹیئر کور اور پنجاب پولیس کے اضافی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پی ٹی آئی کے حامیوں نے ”پرامن احتجاج“ کے لئے جڑواں شہروں کی طرف مارچ کیا ہے۔

Read Comments