مولانا فضل الرحمان کی پی ٹی آئی سے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس تک احتجاج ملتوی کرنے کی درخواست

03 اکتوبر 2024

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جمعرات کے روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے اپیل کی ہے کہ وہ 15 اور 16 اکتوبر کو ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس تک اپنا احتجاج ملتوی کر دے۔

پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان نے اکتوبر کے پہلے ہفتے میں عدلیہ کی حمایت میں ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا تھا۔

ان کے منصوبے کے تحت پی ٹی آئی نے بدھ 2 اکتوبر کو پنجاب کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا، جبکہ اب پارٹی 4 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک اور 5 اکتوبر کو مینارِ پاکستان پر احتجاج کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس منعقد کر رہا ہے جس میں غیر ملکی شخصیات شرکت کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مؤقف یہ ہے کہ ہمیں اپنے غیر ملکی مہمانوں کو دل سے خوش آمدید کہنا چاہیے اور اس دوران ہمیں اپنے سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر قومی ہم آہنگی کا پیغام دینا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمٰان جو حال ہی میں دوبارہ اپنی جماعت کے سربراہ منتخب ہوئے ہیں نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ کو آئینی ترمیم منظور کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ آئینی ترمیم میں حکومت کی حمایت کریں گے تو انہوں نے کہا کہ وہ اس فیصلے سے پہلے مسودے کے مواد پر اچھی طرح غور کریں گے۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جے یو آئی (ف)، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر اپنی آئینی ترامیم کا مسودہ تیار کر رہی ہے اور کوششیں جاری ہیں کہ یہ تبدیلیاں اتفاق رائے سے لائی جائیں۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے مشرق وسطیٰ کے حوالے سے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے عرب ممالک پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی وسیع تر عزائم کو پہچانیں جن کا مقصد ان کے بقول خطے میں تنازعات کو بڑھانا ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ مسئلہ اب صرف فلسطین تک محدود نہیں رہا۔ انہوں نے عرب ممالک سے تعاون بڑھانے اور چوکنا رہنے کی اپیل کی۔

Read Comments