مثبت معاشی اشاریوں کی بدولت اسٹاک ایکسچینج میں 750 پوائنٹس کا اضافہ، انڈیکس ریکارڈ سطح پر بند

  • آٹوموبائل، سیمنٹ، کمرشل بینکوں سمیت اہم شعبوں میں خریداری کا رجحان رہا
اپ ڈیٹ 03 اکتوبر 2024

**پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعرات کو انٹرا ڈے ٹریڈنگ کے دوران بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 750 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے اور انڈیکس ریکارڈ بلند سطح پر بند ہوا ہے۔

کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 754.76 پوائنٹس یا 0.92 فیصد اضافے کے ساتھ 82,721.76 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

آٹوموبائل، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، فرٹیلائزر، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں اور او ایم سیز سمیت اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔ ایچ بی ایل، بی اے ایف ایل، ایف ایف سی، ای ایف ای آر ٹی، او جی ڈی سی، پی پی ایل اور پی ایس او سمیت ہیوی اسٹاک میں مثبت رحجان رہا۔

سی پی آئی افراط زر کی شرح میں کمی سمیت مثبت اشاریے کی وجہ سے مثبت رجحان سامنے آیا ہے ، جس نے مارکیٹ میں پالیسی ریٹ میں مزید کٹوتی کی توقعات کو بڑھا دیا ہے۔

مزید برآں، حکومت کی جانب سے ٹی بلز بائی بیک پروگرام شروع کرنے سے ایکوٹیز کی لیکویڈٹی کی صورتحال میں بہتری آنے کی توقع ہے۔

یاد رہے کہ بدھ کو پی ایس ایکس میں ملا جلا کاروبار دیکھنے میں آیا اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس دونوں سمتوں میں تیزی کے ساتھ 162.41 پوائنٹس یا 0.20 فیصد اضافے سے 81,967.01 پر بند ہوا۔

عالمی سطح پر جاپانی حصص میں جمعرات کو اضافہ ہوا کیونکہ نئے وزیراعظم کی جانب سے شرح سود میں اضافے کی توقعات کو کم کرنے کے بعد ین کی قدر میں اضافہ ہوا جبکہ ہانگ کانگ ایک ہفتے سے زائد عرصے میں پہلی بار ڈوب گیا۔

تاہم، تاجروں کو تشویش ہے کیونکہ وہ منگل کو ایران کے میزائل حملے پر اسرائیل کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں، جس نے مشرق وسطی میں علاقائی تنازعے کے خدشات کو بڑھا دیا ہے، جس سے تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے تہران کو اس کی ’بڑی غلطی‘ کی قیمت چکانے کا وعدہ کیا ہے جب کہ ایران نے دھمکی دی ہے کہ اگر حملہ کیا گیا تو وہ اسرائیل کے تمام بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنائے گا۔

دیگر ایشیائی مارکیٹوں میں تیزی دیکھی گئی جبکہ سڈنی، سنگاپور، ویلنگٹن، منیلا اور جکارتہ میں بھی تیزی دیکھی گئی۔

Read Comments