پاکستان اور ملائیشیا کا باہمی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

  • وزیراعظم شہباز شریف سے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کی اسلام آباد میں ملاقات
03 اکتوبر 2024

پاکستان اور ملائشیا نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی فائدہ مند شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ان خیالات کا اظہار ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سیری انور ابراہیم اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی اور خوشگوار ماحول میں بامعنی اور نتیجہ خیز بات چیت کی۔

انہوں نے ان شعبوں میں ٹھوس نتائج کے حصول کے لئے دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے مسلم امہ کو درپیش مسائل سمیت باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

ایئرپورٹ پہنچنے پر روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ملائیشیا کے وزیراعظم کو گلدستے پیش کیے۔ انہیں گارڈ آف آنر بھی دیا گیا جبکہ پرتپاک استقبال کے طور پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی کابینہ کے ارکان بھی ایئرپورٹ پر معزز مہمان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔

بعد ازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سیری انور ابراہیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے بے حد خوشی محسوس کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو گہرا کرنے پر نتیجہ خیز بات چیت کے منتظر ہیں۔

آپ کا دورہ امن، خوشحالی اور علاقائی ترقی کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملائیشیا کے وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا اہم موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائشیا کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں جو مشترکہ تاریخ، ثقافت اور عقیدے پر مبنی ہیں۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا اہم موقع فراہم کرتا ہے۔

Read Comments