اوپیک پلس نے پیداواری پابندیوں کی خلاف ورزی کی تو تیل کی قیمت 50 ڈالر تک گر سکتی ہے، سعودی عرب

02 اکتوبر 2024

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے تیل پیدا کرنے والے گروپ کے مندوبین کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی وزیر تیل نے کہا ہے کہ اگر اوپیک پلس کے رکن ممالک طے شدہ پیداواری حدود پر قائم نہیں رہتے تو تیل کی قیمتیں 50 ڈالر فی بیرل تک گر سکتی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دیگر پروڈیوسرز نے ان بیانات کو اس دھمکی کے طور پر پیش کیا کہ اگر دیگر ممالک گروپ کے معاہدوں پر عمل کرنے سے انکار کرتے ہیں تو وہ اپنا مارکیٹ شیئر برقرار رکھنے کے لئے قیمتوں کی جنگ شروع کرنے کے لئے تیار ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے سعودی عرب کے وزیر تیل شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے ایک کانفرنس کال کے دوران اپنے ساتھی پروڈیوسرز کو قیمتوں میں کمی کے بارے میں متنبہ کیا تھا۔

وال اسٹریٹ جرنل نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ شہزادہ عبدالعزیز نے زیادہ پیداوار کے لیے عراق اور قازقستان کو مورد الزام ٹھہرایا ہے۔

تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اور اتحادیوں کی تنظیم اوپیک پلس کے وزراء کا ایک پینل بدھ کے روز مارکیٹ کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کر رہا ہے جس میں پالیسی میں کوئی تبدیلی متوقع نہیں ہے۔

Read Comments