ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں معمولی اضافہ

انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کو کاروبار کے ابتدائی سیشن کے دوران ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 0.05 فیصد کا اضافہ ریکارڈ...
اپ ڈیٹ 02 اکتوبر 2024

۔

انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کے کاروباری روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.02 فیصد کا معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں قدر 5 پیسے بڑھنے کے بعد روپیہ 277 روپے 64 پیسے پر بند ہوا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق منگل کو ڈالر کے مقابلے روپیہ 277.69 روپے پر بند ہوا تھا۔

بین الاقوامی سطح پر ڈالر کی قدر میں بدھ کو ایک ہفتے کے دوران سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب ایران کے اسرائیل پر میزائل حملے کے بعد مشرق وسطیٰ میں تنازع کے بڑھنے کے خدشات نے سرمایہ کاروں کو محفوظ اثاثے خریدنے پر مجبور کر دیا۔

ابتدائی ایشیائی مارکیٹ میں معمولی تبدیلیاں آئیں، جس کے نتیجے میں یورو 1.10 ڈالر سے نیچے رہا، جو تقریباً چار ماہ میں اس کی سب سے بڑی کمی تھی۔

محفوظ اثاثوں کی طلب نے ین کو ڈالر کے مقابلے میں 143.45 پر اور سوئس فرانک کو 0.8463 پر برقرار رکھا۔

امریکی ڈالر انڈیکس راتوں رات تقریبا 0.5 فیصد اضافے کے ساتھ 101.2 پر پہنچ گیا، جو 25 ستمبر کے بعد سے اس کا سب سے بڑا اضافہ ہے، جس میں امریکی ملازمتوں کے مواقع پر توقع سے زیادہ مضبوط ریڈنگ سے بھی مدد ملی۔

ایران کی جانب سے اسرائیل کے خلاف اب تک کے سب سے بڑے فوجی حملے کے بعد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھنے کے خدشات کے باعث بدھ کو تیل کی قیمتوں میں ایک ڈالر سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔

برینٹ فیوچر 1 ڈالر یا 1.36 فیصد اضافے سے 74.56 ڈالر فی بیرل جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 1.07 ڈالر یا 1.53 فیصد اضافے سے 70.9 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔

منگل کو ٹریڈنگ کے دوران، دونوں خام بینچ مارکس میں 5 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ ایران نے 180 سے زائد بیلسٹک میزائل داغے ہیں اور ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ حملہ اسرائیل کی جانب سے عسکریت پسند رہنماؤں کے قتل اور لبنان میں ایران کی حمایت یافتہ مسلح تحریک حزب اللہ کے خلاف جارحیت کا بدلہ ہے۔

Read Comments