وزیر مملکت برائے خزانہ سے اپٹما وفد کی ملاقات، ٹیکسٹائل انڈسٹری کو درپیش مسائل پرگفتگو

02 اکتوبر 2024

وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک سے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی جس میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد جس میں چیئرمین کامران ارشد، چیئرمین نارتھ اسد شفیع، چیئرمین ساؤتھ نوید احمد، سابق چیئرمین آصف انعام، سابق چیئرمین عامر فیاض اور سابق چیئرمین سید علی احسن شامل تھا نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کا مشکل اقتصادی حالات میں ملک کی قیادت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے دوران اپٹما قیادت نے ٹیکسٹائل سیکٹر کو درپیش چیلنجز پر تشویش کا اظہار کیا جس کی وجہ سے برآمدات میں نمایاں کمی واقع ہوئی اور اس وقت اس شعبے کی صلاحیت کے مقابلے میں 9 ارب ڈالر کی کمی واقع ہوئی ہے۔

وفد نے صنعتی بجلی کے نرخوں میں کراس سبسڈی کم کرنے کی حکومتی کوششوں کو سراہا۔

تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گرڈ کی قیمتوں کو مالی طور پر قابل عمل اور علاقائی طور پر مسابقتی بنانے میں ابھی ایک طویل سفر طے کرنا باقی ہے کیونکہ کراس سبسڈی میں خاطر خواہ کمی کے باوجود یہ فی الحال 15 سینٹ فی کلو واٹ کے آس پاس ہے جبکہ بھارت، بنگلہ دیش اور ویتنام جیسی علاقائی معیشتوں میں یہ 6-9 سینٹ فی کلو واٹ ہے۔

اپٹما کے مطابق کے مطابق، حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ اس وعدے کا کہ وہ 31 دسمبر 2024 تک کیپٹو پاور پلانٹس (سی پی پیز) کو گیس کی فراہمی بند کر دے گی، ایک اور اہم مسئلہ ہے جس کی نشاندہی کی گئی ہے۔

وفد نے زور دیا کہ وہ صنعتیں جو اس وقت گیس پر مبنی کیپٹو پاور پر انحصار کر رہی ہیں، مالیاتی طور پر ناقابل عمل ہونے کی وجہ سے قومی گرڈ پر منتقل ہونے کا امکان نہیں رکھتیں۔ اگر کیپٹو پاور پلانٹس (سی پی پیز) کو گیس کی فراہمی بند کر دی گئی تو وہ یا تو متبادل توانائی کے ذرائع تلاش کریں گی یا اپنے آپریشنز بند کر دیں گی۔ اپٹما نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس پالیسی پر دوبارہ غور کرے۔

ایک اور اہم مسئلہ فنانس ایکٹ 2024 کے ذریعے ایکسپورٹ سہولت اسکیم کے تحت برآمدی مینوفیکچرنگ کے لئے مقامی رسد پر زیرو ریٹنگ / سیلز ٹیکس کی چھوٹ کو واپس لینا تھا۔ اس کی وجہ سے برآمد کنندگان مقامی طور پر تیار کردہ ان پٹ سے درآمد شدہ ان پٹ کی طرف منتقل ہو رہے ہیں، کیونکہ مقامی ان پٹ پر 18 فیصد سیلز ٹیکس، جبکہ قابل واپسی ہے، کو پراسیس کرنے میں مہینوں لگ جاتے ہیں، جس سے لیکویڈیٹی میں کمی آتی ہے اور لاگت میں اضافہ ہوتا ہے۔

ٹیکس چھوٹ کے خاتمے نے خاص طور پر اسپننگ سیکٹر کو متاثر کیا ہے ، جو پہلے ہی توانائی کی بلند لاگت اور ناسازگار کاروباری حالات سے دوچار تھا۔

جون 2024 تک جولائی 2023 کے مقابلے میں دھاگے کی ملکی پیداوار میں 41 فیصد کمی واقع ہوئی تھی جبکہ اگست 2024 میں سوتی دھاگے کی درآمدات میں سالانہ بنیاد پر 435 فیصد اضافہ ہوا تھا۔

40 فیصد سے زائد اسپننگ یونٹس بند ہو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر بے روزگاری کا خدشہ ہے

اپٹما نے ای ایف ایس کے بڑھتے ہوئے غلط استعمال پر بھی روشنی ڈالی، جہاں برآمدی مینوفیکچرنگ کے لئے اسکیم کے تحت درآمد کردہ دھاگے کو غیر قانونی طور پرمقامی مارکیٹ میں فروخت کیا جارہا ہے جس سے مقامی صنعت کو مزید نقصان پہنچ رہا ہے۔

اپٹما نے مالی سال 25 کے بجٹ میں متعارف کرائے گئے ٹیکس نظام میں خامیوں کو بھی اجاگر کیا، جہاں برآمد کنندگان کو برآمدی آمدنی پر ایک فیصد فکسڈ ٹیکس سے عام ٹیکس نظام میں منتقل کردیا گیا تھا لیکن اب بھی وہ برآمدی آمدنی پر 1.25 فیصد ایڈوانس ٹیکس (بشمول ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ سرچارج) کے تابع ہیں، جس سے برآمدی اداروں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔

یہ ملاقاتیں انتہائی نتیجہ خیز رہیں، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریونیو علی پرویز ملک اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سینئر حکام نے اپٹما کی جانب سے اٹھائے گئے خدشات پر مثبت اور ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کیا۔

وفد کو حکومتی عہدیداروں کی جانب سے ٹیکسٹائل صنعت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کھلے مکالمے اور فعال رویے سے حوصلہ افزائی ملی۔

توانائی، ٹیکس اور برآمدات میں سہولت کے مسائل کے قابل عمل حل تلاش کرنے کے لئے ان کا عزم واضح تھا، اور اپٹما آگے بڑھنے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں پرامید ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Read Comments