حبکو کا لیتھیم کان کنی اور بیٹری مینوفیکچرنگ میں داخل ہونے کا منصوبہ

30 ستمبر 2024

پاکستان کے سب سے بڑے انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسر (آئی پی پی) حب پاور کمپنی لمیٹڈ (حبکو) نے لیتھیم کی تلاش اور بیٹری مینوفیکچرنگ یونٹ تیار کرنے کے لئے کان کنی کے شعبے میں داخل ہونے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

بروکریج ہاؤس عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) نے کہا کہ کمپنی نے پیر کو منعقدہ سالانہ جنرل میٹنگ (اے جی ایم) کے دوران اپنے منصوبوں سے آگاہ کیا۔

اے ایچ ایل کی بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ اس وقت امکانات کا اندازہ لگانے کے لیے ریزرو رپورٹ تیار کی جا رہی ہے اور اس کام میں 12 سے 18 ماہ لگ سکتے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے بیٹریوں کی طویل مدتی طلب کو پورا کرنے کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

لیتھیم ایک معدنیات ہے جو زیادہ تر ریچارج ایبل بیٹریوں کے لئے استعمال ہوتی ہے ، جسے لیتھیم آئن بیٹریاں کہا جاتا ہے ، جو موبائل فون ، لیپ ٹاپ ، ڈیجیٹل کیمروں اور خاص طور پر الیکٹرک وہیکل کے لئے قابل استمال ہے۔

مزید برآں حبکو نے اپنے اسٹیک ہولڈرز کو بتایا کہ الیکٹرک وہیکل (ای وی) مینوفیکچرنگ پلانٹ قائم کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے جس میں سالانہ 50 ہزار الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے کی صلاحیت ہو گی جس میں آسٹریلیا اور افریقہ کو برآمد کے لیے مختص پیداوار کا 30 سے 40 فیصد حصہ ہوگا۔

اے ایچ ایل کی رپورٹ کے مطابق حبکو کو توقع ہے کہ وہ 25 دسمبر سے 26 مارچ تک مختلف سیگمنٹس میں 8 سے 9 ویرینٹس میں سی کے ڈی کاریں لانچ کرے گا۔

گزشتہ ماہ چینی کمپنی بی وائی ڈی، جو الیکٹرک گاڑیوں اور قابل تجدید توانائی میں عالمی رہنما ہے، نے حب پاور ہولڈنگز کے تعاون سے پاکستانی مارکیٹ میں قدم رکھا، جو حبکو کی مکمل ملکیتی ماتحت کمپنی ہے۔

بی وائی ڈی نے مارچ میں پاکستان کے پارٹنر میگا گروپ (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کا اعلان کیا تھا۔

جون میں حبکو نے اعلان کیا تھا کہ اس کی مکمل ملکیت والی ذیلی کمپنی (حب پاور ہولڈنگز) اپنی متعلقہ کمپنی میگا موٹر کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ذریعے بی وائی ڈی آٹو انڈسٹری کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ الیکٹرک گاڑیوں میں کاروبار کی ایک نئی لائن میں داخل ہو رہی ہے۔

30 جون کو ختم ہونے والے مالی سال 24-2023 میں آئی پی پی کا منافع 21 فیصد سے زائد اضافے کے ساتھ 75.29 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ اس عرصے کے دوران فی حصص آمدنی (ای پی ایس) بڑھ کر 53.98 روپے ہوگئی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 44.37 روپے تھی۔

حبکو کی مجموعی طور پر بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 3,581 میگاواٹ ہے۔ آئی پی پی اپنے ماتحت اداروں کے ذریعے تیل و گیس، کان کنی اور صنعتی آپریشنز اور دیکھ بھال کی خدمات سمیت مختلف کاروباری شعبوں میں کام کرتا ہے۔

Read Comments