اپریل تا جون پاکستان کی جی ڈی پی میں 3.07 فیصد اضافہ، مالی سال24 میں 2.52 فیصد رہی

  • مالی سال 24-2023 کی چوتھی سہ ماہی میں زراعت، صنعت اور خدمات کی شرح نمو بالترتیب 6.76 فیصد، منفی 3.59 فیصد اور 3.69 فیصد رہی
30 ستمبر 2024

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 24-2023 کی چوتھی سہ ماہی (اپریل تا جون) کے دوران پاکستان کی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) میں 3.07 فیصد اضافہ ہوا۔

نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی (این اے سی) کے 110 ویں اجلاس کے بعد پی بی ایس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 24-2023 کی چوتھی سہ ماہی کے دوران معیشت کی شرح نمو 3.07 فیصد رہی۔

کمیٹی نے بتایا کہ چوتھی سہ ماہی کے دوران زراعت، صنعت اور خدمات میں ترقی بالترتیب 6.76 فیصد، منفی 3.59 فیصد اور 3.69 فیصد رہی۔

مزید برآں،نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی نے مالی سال 24 کے دوران جی ڈی پی کی تازہ ترین عبوری نمو 2.52 فیصد کی بھی منظوری دی، جو پچھلے تخمینے 2.38 فیصد سے زیادہ ہے۔

مالی سال 24 میں زراعت، صنعت اور خدمات کی تازہ ترین شرح نمو بالترتیب 6.36 فیصد، -1.15 فیصد اور 2.15 فیصد ہے۔

زراعت کی صحت مند ترقی کی بنیادی وجہ اہم فصلوں میں شرح ترقی ڈبل ڈیجٹ یعنی 17.02 فیصد ہے جو گزشتہ اجلاس میں گندم میں بہتری (31.438 سے 31.583 ملین ٹن) کی وجہ سے 16.82 فیصد تھی۔

نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کا کہنا ہے کہ دیگر فصلوں کی شرح نمو 0.90 فیصد سے گھٹ کر منفی 1.20 فیصد رہ گئی ہے جبکہ مویشیوں کی شرح نمو 3.89 فیصد سے بڑھ کر 4.47 فیصد ہوگئی ہے۔

دریں اثناء کمیٹی نے مالی سال 23کے دوران نظر ثانی شدہ شرح نمو منفی 0.22 فیصد کرنے کی بھی منظوری دی جس کا تخمینہ گزشتہ اجلاس میں منفی 0.21 فیصد لگایا گیا تھا۔

نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی نے 24-2023کے لئے پہلی، دوسری اور تیسری سہ ماہی کے نظر ثانی شدہ تخمینوں کی بھی منظوری دی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 24-2023 کی پہلی سہ ماہی، دوسری اور تیسری سہ ماہی کے لئے مجموعی جی ڈی پی میں بالترتیب 2.69 فیصد، 1.97 فیصد اور 2.36 فیصد کی نظر ثانی شدہ نمو دیکھی گئی ہے جبکہ نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کے 109 ویں اجلاس میں پیش کردہ بالترتیب 2.71 فیصد، 1.79 فیصد اور 2.09 فیصد ترقی میں اضافہ ہوا تھا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے کہا، “ہمیں توقع ہے کہ مالی سال 25 میں پاکستان کی جی ڈی پی 2.5 سے 3.0 فیصد کی شرح سے بڑھے گی جس میں ہم توقع کرتے ہیں کہ زرعی شعبہ 1.7 فیصد، صنعتی شبعہ 2.1 فیصد اور خدمات کا شبعہ 3.4 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گا۔

اس سے قبل عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے مالی سال 25 کے دوران پاکستان کی جی ڈی پی کی شرح نمو 3.2 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا تھا جبکہ گزشتہ مالی سال میں یہ شرح 2.4 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ یہ تخمینہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے تخمینے سے زیادہ تھا، جس میں رواں مالی سال میں جی ڈی پی میں معتدل 2.8 فیصد اضافے کی توقع کی گئی تھی۔

Read Comments